اقوام متحدہ کا شام میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کا مطالبہ

164
United Nations

دمشق ۔19دسمبر (اے پی پی):اقوام متحدہ نے صدر بشار الاسد کی معزولی کے بعد آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کا مطالبہ کیا ہے۔ یہ مطالبہ شام کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی گیئر پیڈرسن نے گزشتہ روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق انہوں نے امید ظاہر کی کہ اب ہم ایک نئے شام کا آغاز دیکھ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک نیا شام جو ایک نیا آئین اپنائے گا اور یہ کہ ہم ایک عبوری دور کے بعد آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے لئے پرامید ہیں۔ انہوں نے فوری طور پر انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ شام کے خلاف عائد بین الاقوامی پابندیوں کے خاتمے کی امید رکھتے ہیں۔

اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی کے سربراہ ٹام فلیچر نے شام کے لیے ڈونر ممالک سے بڑے پیمانے پر امداد میں اضافے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے شام کا دورہ کرتے ہوئے ٹیلی فون پر انٹرویو میں اے ایف پی کو بتایا کہ شام میں ضروریات بہت زیادہ ہیں اور اس وقت 10 میں سے سات افراد کو مدد کی ضرورت ہے۔