اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے ہیٹی پر عائد پابندیوں میں ایک سال کی توسیع کر دی
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے ہیٹی پر عائد پابندیوں میں ایک سال کی توسیع کر دی

مزید خبریں
اقوام متحدہ ۔15اکتوبر (اے پی پی):اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے ہیٹی پر عائد پابندیوں میں ایک سال کی توسیع کی قرارداد منظور کر لی ۔چینی خبر رساں ادارے شنہوا کے مطابق گزشتہ روز قرارداد نمبر 2831 سلامتی کونسل کے 15 میں سے 14 ارکان کی حمایت سے منظور ہوئی جبکہ روس نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا۔قرارداد میں رکن ممالک پر زور دیا گیا ہے کہ وہ ہیٹی میں اسلحے اور متعلقہ سازوسامان کی غیر قانونی تجارت اور منتقلی روکنے کے لیے مناسب اقدامات کریں۔
اسلحہ فراہم کرنے والے ممالک سے کہا گیا ہے کہ وہ ہیٹی کے متعلقہ حکام کو اسلحے کے ذخیرے کی حفاظت، انتظام اور ترسیل کے بعد نگرانی بہتر بنانے میں معاونت فراہم کریں۔سلامتی کونسل نے ہیٹی کے حکام پر بھی زور دیا کہ وہ اسلحے اور گولہ بارود کے انتظام کے ساتھ سرحدی اور کسٹمز کنٹرول مضبوط بنائیں۔قرارداد کے تحت ہیٹی میں جرائم پیشہ گروہوں کا خاتمہ کے لئے کثیرالقومی فورس کو غیر قانونی اسلحہ ضبط کرنے اور اسے ریکارڈ کرنے اور تلف کرنے کے عمل میں ہیٹی کی قومی پولیس اور مسلح افواج کی معاونت جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
فورس کو اسلحے کی گمشدگی یا چوری سمیت کسی بھی غیر قانونی منتقلی کی اطلاع ماہرین کے پینل کو دینے کے لئےبھی کہا گیا ہے۔۔ پابندیوں میں اسلحے کی فراہمی پر پابندی، سفری پابندیاں اور اثاثے منجمد کرنے کے اقدامات شامل ہیں۔سلامتی کونسل نے پابندیوں کی نگرانی کرنے والے ماہرین کے پینل کی مدت میں بھی 13 ماہ کی توسیع کی ہے۔ پینل کو 28 مارچ 2027 تک عبوری اور یکم ستمبر 2027 تک حتمی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے ہیٹی پر پابندیاں اکتوبر 2022 میں عائد کی تھیں۔







