فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادکاروں نے مسجد نذرِ آتش کردی
فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادکاروں نے مسجد نذرِ آتش کردی

مزید خبریں
رام اللہ ۔15اکتوبر (اے پی پی):مقبوضہ مغربی کنارے کے گاؤں مخماس میں اسرائیلی آبادکاروں نے ایک مسجد کو آگ لگا دی اور اس کی بیرونی دیواروں پر عبرانی زبان میں نعرے تحریر کیے، فلسطینی ذرائع اور اسرائیلی فوج نے واقعے کی تصدیق کی ہے۔اردو نیوز کے مطابق واقعہ بدھ کی شب پیش آیا جب مقامی رہائشیوں نے شیشے ٹوٹنے کی آواز سن کر مسجد کا رخ کیا۔
گاؤں کے رہائشی عطا کنعان نے بتایا کہ مسجد میں شدید آگ لگی ہوئی تھی، تاہم مقامی نوجوانوں اور فائر بریگیڈ کی مدد سے آگ کو پوری عمارت میں پھیلنے سے روک لیا گیا۔خبر کے مطابق آگ سے مسجد کے اندر بچھے قالین جل گئے اور دیواریں سیاہ ہوگئیں۔
آبادکاروں نے ایک گاڑی کو بھی نقصان پہنچایا اور عبرانی زبان میں نعرے لکھے۔اسرائیلی فوج کے مطابق واقعے کی اطلاع ملنے پر اہلکاروں کو علاقے میں روانہ کیا گیا، تاہم کسی مشتبہ شخص کی شناخت نہیں ہو سکی اور تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔عطا کنعان کے مطابق گاؤں کے رہائشیوں نے حالیہ ہفتوں میں آبادکاروں کے ممکنہ حملوں کے خدشے کے پیش نظر رات کے وقت پہرے داری کے لیے گروہ تشکیل دیے ہیں۔
مخماس رام اللہ اور مغربی بیت المقدس کے درمیان واقع ہے جہاں قریبی اسرائیلی بستیوں کی چوکیوں سے آنے والے آبادکاروں کی جانب سے ماضی میں بھی حملوں کی اطلاعات سامنے آتی رہی ہیں۔







