کسی رکن ملک کی سرزمین پر روسی حملے کا فوری خطرہ نہیں، نیٹو
کسی رکن ملک کی سرزمین پر روسی حملے کا فوری خطرہ نہیں، نیٹو

مزید خبریں
ٹالن ۔15اکتوبر (اے پی پی):نیٹو نے کہا ہے کہ اتحاد کو فی الحال اپنی رکن ممالک کی سرزمین پر روسی حملے کا کوئی فوری خطرہ نظر نہیں آ رہا، تاہم روس کی حملے کی تیاری کے لیے فوجی نقل و حرکت یا اجتماع کا پتا چلنے پر ردعمل دیں گے۔
چینی خبر رساں ادارے شنہوا کے مطابق یہ بات نیٹو کے سیکرٹری جنرل مارک روٹے نے ایسٹونیا کے وزیراعظم کرسٹن میخال کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
مارک روٹے نے اتحادی ممالک پر زور دیا کہ وہ موسم سرما کی آمد کے پیش نظر یوکرین کے لیے فوجی امداد میں اضافہ کریں بالخصوص فضائی دفاع کے شعبے میں معاونت بڑھائی جائے۔اس موقع پر ایسٹونیا کے وزیراعظم نے کہا کہ ان کا ملک یوکرین کی مسلسل حمایت کو اپنی قومی سلامتی کا اہم جزو سمجھتا ہے۔
ایسٹونیا کے دورے میں مارک روٹے کی اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں بھی شیڈول ہیں۔ وہ اماری ایئر بیس کا دورہ اور ٹالن یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی میں خطاب بھی کریں گے۔







