اقوام متحدہ ۔3دسمبر (اے پی پی):اقوام متحدہ کی ڈپٹی سیکرٹری جنرل امینہ محمد نے غزہ کی صورتحال کو خوفناک اور قیامت خیز قرار دیتے ہوئے عالمی رہنماؤں سے اپیل کی کہ وہ غزہ میں مزید تباہی کو روکنے کے لئے فیصلہ کن اقدامات کریں۔مصری صدر عبدالفتاح السیسی کی طرف سے مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں بلائی گئی غزہ کے لئے انسانی امداد سے متعلق وزارتی کانفرنس میں اقوام متحدہ کی …
اقوام متحدہ کی غزہ میں مزید تباہی کو روکنے کے لیے فیصلہ کن اقدامات کی اپیل

مزید خبریں
اقوام متحدہ ۔3دسمبر (اے پی پی):اقوام متحدہ کی ڈپٹی سیکرٹری جنرل امینہ محمد نے غزہ کی صورتحال کو خوفناک اور قیامت خیز قرار دیتے ہوئے عالمی رہنماؤں سے اپیل کی کہ وہ غزہ میں مزید تباہی کو روکنے کے لئے فیصلہ کن اقدامات کریں۔مصری صدر عبدالفتاح السیسی کی طرف سے مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں بلائی گئی غزہ کے لئے انسانی امداد سے متعلق وزارتی کانفرنس میں اقوام متحدہ کی نائب سربراہ امینہ محمد نےاپنے خطاب میں غزہ میں امداد کی فوری ضرورت اور اس کی طویل مدتی بحالی کے منصوبے پر زور دیا۔
انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش کی نمائندگی کرتے ہوئے کہاکہ ہم فلسطینی عوام کے لیے جان بچانے والی امداد میں فوری اضافے کو یقینی بنانے، ممکنہ جنگ بندی کی تیاری کو یقینی بنانے، اور بحالی اور تعمیر نو کے لیے بنیاد رکھنے کے لئے یہاں موجود ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ اسرائیلی فوجی کارروائیوں میں 44ہزار سے زیادہ فلسطینی جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں، شہید ہو چکے ہیں ۔ انہوں نےمزیدکہا کہ گزشتہ چار مہینوں میں شدید غذائی قلت کی وجہ سے تقریباً 19,000 افراد ہسپتال میں داخل ہیں۔
انہوں نے کہاکہ غزہ میں اب عالمی سطح پر فی کس بچوں کی سب سے زیادہ تعداد ہے، جہاں کئی سرجریاں بے ہوش کئے بغیر کی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ جو کچھ ہم دیکھ رہے ہیں وہ شاید سنگین ترین بین الاقوامی جرائم کے مترادف ہے۔ امینہ محمد نے غزہ کے لیے انسانی امداد پر سخت پابندیوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے رسد کے بہاو کو ’’اشتعال انگیز طور پر‘‘ ناکافی اور غیر متوقع قرار دیا۔انہوں نے لوٹ مار، بغیر پھٹے ہتھیاروں اور تباہ شدہ سڑکوں جیسے چیلنجوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ استثنا کے ذریعے امداد نہ تو انسانی ہے اور نہ ہی مؤثرہے۔ انہوں نے زور دیا کہ انسانی ہمدردی کے عملے اور آپریشنز کو تحفظ کی ضمانت دی جانی چاہیے۔ تمام ضرورت مندوں کو رسائی دی جانی چاہیے خوا ہ وہ جہاں کہیں بھی ہوں۔ اقوام متحدہ کی عمارات کو ہر وقت محفوظ رہنا چاہیے۔
انہوں نے غزہ میں انسانی امداد کے پورے نظام، خاص طور پر یو این آر ڈبلیو اے کو فلسطینیوں کے لیے ایک ناقابل تلافی لائف لائن کے طور پر بیان کرتے ہوئے، اس کے لیے بھرپور حمایت کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے مزید کہاکہ غزہ میں فلسطینیوں کی بنیادی ضروریات کو پورا کر نے کے لئےیو این آر ڈبلیو اےکا کو ئی متبادل نہیں ہے۔
انہو ں نے سیاسی حل کی ضرورت کا اعادہ کرتے ہوئےغزہ میں فوری جنگ بندی اور یرغمالیوں کی غیر مشروط رہائی پر زور دیا۔انہوں نے بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق دو ریاستی حل کی فوری ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہاکہ غزہ میں جاری انسانی تباہی کا ڈراؤنا خواب بند ہونا چاہیے۔








