اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا امریکی صدر کی جانب سے عالمی ادارہ صحت کے فنڈز روکنے کے اعلان پر سخت ردعمل

اقوام متحدہ ۔ 15 اپریل (اے پی پی) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹریس نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے عالمی ادارہ صحت کے فنڈ کو روکنے کے اعلان پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کا فنڈ روکنے کے لئے یہ صحیح وقت نہیں ہے، وقت آئے گا جب ہم دیکھ سکیں گے کہ کورونا کی وبا کیسے …

اقوام متحدہ ۔ 15 اپریل (اے پی پی) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹریس نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے عالمی ادارہ صحت کے فنڈ کو روکنے کے اعلان پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کا فنڈ روکنے کے لئے یہ صحیح وقت نہیں ہے، وقت آئے گا جب ہم دیکھ سکیں گے کہ کورونا کی وبا کیسے پھیلی اور عالمی سطح پر اس سے اتنی تباہی کیسے ہوئی، ابھی یہ وقت نہیںکہ عالمی ادارہ صحت کی امدادی کارروائیوں کے لیے اس کے وسائل کم کردیئے جائیں۔ بدھ کو امریکی ذرائع ابلاغ اور برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرس کا یہ بیان امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے اس بیان کے بعد آیا ہے، جس میں انہوں نے کہا ہے کہ انہوں نے امریکی انتظامیہ کو ڈبلیو ایچ او کو امریکہ کی جانب سے دیئے جانے والے فنڈ کو روکنے کی ہدایت دی ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ یہ وقت ڈبلیو ایچ او یاکووڈ ـ19 کے خلاف جنگ لڑنے والے تنظیم کی مہم کے ذریعہ میں کمی کرنے کا وقت نہیں ہے، یہ وقت اس وبا کو روکنے کے لئے بین الاقوامی برادری کے متحد ہونے کا ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے ہے کہ کورونا وائرس کے حوالے سے دی جانے والی بریفنگ کے دوران صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی ادارہ صحت کے لیے امریکی فنڈنگ روکنے کا اعلان کیا ہے۔ دریں اثناء نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جسنڈا آرڈرن نے کہا ہے کہ ‘ایسے وقت میں ہمیں معلومات کا تبادلہ کرنا چاہیے اور ہم چاہتے ہیں کہ ہمیں ایسی ہدایات ملیں جن پر ہم عملدرآمد کرسکیں، ایسا عالمی ادارہ صحت نے کیا ہے، ہم اس کی حمایت جاری رکھیں گے۔ ادھر امریکی ایوان نمائندگان میں وزارت خارجہ کی کمیٹی کے چیئرمین ایلیئٹ اینجل نے کہا ہے کہ اس بحران کی صورتحال مزید خراب ہونے سے صدر ٹرمپ اپنا اصل سیاسی رویہ ظاہر کر رہے ہیں، عالمی ادارہ صحت پر الزام لگایا جائے، چین پر الزام لگایا جائے، سیاسی حریفوں پر الزام لگایا جائے یا اپنے سے پہلے رہنے والے سربراہان پر الزام لگایا جائے۔