اقوام متحدہ کے نئے سیکرٹری جنرل کے انتخاب کے لیے سلامتی کونسل کا چھٹا غیر رسمی ووٹنگ مرحلہ مکمل
اقوام متحدہ کے نئے سیکرٹری جنرل کے انتخاب کے لیے سلامتی کونسل کا چھٹا غیر رسمی ووٹنگ مرحلہ مکمل

مزید خبریں
اقوام متحدہ ۔17اکتوبر (اے پی پی):اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے نئے سیکرٹری جنرل کے انتخاب کے لیے امیدواروں کی حمایت کا جائزہ لینے کی غرض سے چھٹا غیر رسمی ووٹنگ مرحلہ مکمل کر لیا ہے۔شنہوا کے مطابق اقوام متحدہ میں اکتوبر کے لیے سلامتی کونسل کی صدر اور یونان کی مستقل مندوب اگلایا بالتا نے جمعہ کو بتایا کہ امیدواروں کے حوالے سے چھٹے مرحلے کی غیر رسمی ووٹنگ ہو چکی ہے۔انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ نامزد امیدواروں کو نتائج سے متعلق آگاہی ان ممالک کے مستقل نمائندوں کے ذریعے دی جائے گی جنہوں نے انہیں نامزد کیا ہے، جبکہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر کو بھی ووٹنگ مکمل ہونے سے مطلع کر دیا جائے گا۔
سلامتی کونسل میں سیکرٹری جنرل کے امیدواروں کے لیے یہ غیر رسمی ووٹنگ خفیہ طور پر ہوتی ہے اور اس کے نتائج باضابطہ طور پر جاری نہیں کیے جاتے۔ اس عمل کے ذریعے سلامتی کونسل کسی ایک امیدوار کا انتخاب کرکے اس کا نام تقرری کے لیے جنرل اسمبلی کو تجویز کرتی ہے۔ووٹنگ کے طریقہ کار کے مطابق ہر امیدوار کے لیے تین اختیارات رکھے جاتے ہیں، جن میں حمایت، مخالفت اور کوئی رائے نہ دینا شامل ہیں۔ سلامتی کونسل کی سفارش حاصل کرنے کے لیے امیدوار کو کم از کم 9 ارکان کی حمایت درکار ہوتی ہے، جبکہ کونسل کے پانچ مستقل ارکان میں سے کسی کی مخالفت نہیں ہونی چاہیے۔
رپورٹ کے مطابق سیکرٹری جنرل کے عہدے کے لیے مقابلے میں اب سات امیدوار شامل ہیں، جن میں ایکواڈور کی سابق وزیر اور سفارت کار ایوون اے باکی، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی سابق صدر اور ایکواڈور کی سابق وزیر خارجہ و دفاع ماریا فرنانڈا ایسپینوسا، ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے عالمی جوہری توانائی ایجنسی کے موجودہ ڈائریکٹر جنرل رافیل گروسی،
کوسٹا ریکا کی سابق نائب صدر اور اقوام متحدہ کی تجارت و ترقی سے متعلق تنظیم کی موجودہ سیکرٹری جنرل ربیکا گرینسپین، یوگنڈا کے سابق انڈر سیکرٹری جنرل اولارا اوتونو، گیانا کی اقوام متحدہ میں مستقل مندوب کیرولین روڈریگز برکٹ اور سینیگال کے سابق صدر ماکی سال شامل ہیں۔موجودہ سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش کی مدتِ عہدہ رواں سال کے اختتام پر مکمل ہو رہی ہے، جبکہ ان کے جانشین یکم جنوری 2027 کو عہدہ سنبھالیں گے۔








