اقوام متحدہ کے پولیس بجٹ میں کٹوتیاں امن مشنز کو کمزور کر سکتی ہیں، پاکستان کا انتباہ

اقوام متحدہ۔6فروری (اے پی پی):مالی وسائل میں کمی اور کثیرالجہتی تعاون کے کمزور ہونے کے تناظر میں پاکستان نے اس امر پر زور دیا ہے کہ میزبان ممالک مکمل تعاون کریں تاکہ سلامتی کونسل کی جانب سے منظور شدہ اقوام متحدہ کے امن دستوں، بالخصوص پولیس یونٹس کی بروقت تعیناتی ممکن بنائی جا سکے۔یہ بات اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم احمد نے گزشتہ روز 15 رکنی سلامتی …

اقوام متحدہ۔6فروری (اے پی پی):مالی وسائل میں کمی اور کثیرالجہتی تعاون کے کمزور ہونے کے تناظر میں پاکستان نے اس امر پر زور دیا ہے کہ میزبان ممالک مکمل تعاون کریں تاکہ سلامتی کونسل کی جانب سے منظور شدہ اقوام متحدہ کے امن دستوں، بالخصوص پولیس یونٹس کی بروقت تعیناتی ممکن بنائی جا سکے۔یہ بات اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم احمد نے گزشتہ روز 15 رکنی سلامتی کونسل کے اجلاس میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ بلیو ہیلمٹ اقوام متحدہ کے امن و استحکام کے عزم کی سب سے نمایاں علامت ہیں۔

سلامتی کونسل اجلاس میں اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پولیس شعبہ جات کے سربراہان نے اپنی سالانہ بریفنگ پیش کی۔ پاکستانی مندوب نے کہا کہ اقوام متحدہ کے مشن شدید مالی دباؤ میں کام کر رہے ہیں، جس کے باعث مینڈیٹ کی فراہمی اور امن دستوں کی حفاظت اور سلامتی پر براہ راست اثرات کے ساتھ ایڈہاک صلاحیت میں کمی واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان اب تک اقوام متحدہ کے مختلف مشنز میں 50 سے زائد فارمڈ پولیس یونٹس تعینات کر چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تقریباً 7,740 اہلکاروں پر مشتمل مجاز UNPOL فورس میں سے اس وقت صرف 4,600 کے قریب اہلکار تعینات ہیں اور مزید کٹوتیاں امن قائم رکھنے کی کوششوں کو شدید نقصان پہنچائیں گی۔ پاکستانی مندوب نے تمام ممالک پر زور دیا کہ وہ اپنی مقررہ مالی رقوم مکمل اور بروقت ادا کریں تاکہ سلامتی کونسل کے مینڈیٹس پر مکمل طور پر عملدرآمد ممکن ہو سکے۔ انہوں نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ پاکستانی پولیس اور فوج روایتی طور پر اقوام متحدہ کے امن مشنز میں اہم کردار ادا کرتے رہے ہیں اور اس دوران پاکستانی پولیس کے 11 بہادر اہلکار اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں۔

پاکستانی مندوب نے کہا کہ فوری تعیناتی کے لیے پاکستانی فارمڈ پولیس یونٹ کی موجودہ تیاری اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان عالمی امن و سلامتی کی کوششوں میں تعاون جاری رکھنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے پولیس بینر تلے خدمات انجام دینے والے پاکستانی پولیس افسران نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور فرض شناسی کے باعث عالمی سطح پروقار حاصل کیا ہے، جس کی مثال اقوام متحدہ کے پولیس ڈویژن میں فیصل شہکار کی قیادت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خاتون پولیس اہلکار شہزادی گل فام کو 2011 میں بین الاقوامی خاتون پولیس امن محافظ ایوارڈ حاصل کرنے کا اعزاز ملا جبکہ گزشتہ ماہ UNMISS میں خدمات انجام دینے والے 13 پاکستانی پولیس اہلکاروں (جن میں 3 خواتین شامل ہیں) کو شاندار خدمات کے اعتراف میں اقوام متحدہ کے تمغے دیئے گئے۔ پاکستانی مندوب نے کہا کہ امن مشن اقوام متحدہ کو اہمیت اور وقار بخشتے ہیں کیونکہ یہ لوگوں کی زندگیوں میں حقیقی تبدیلی لاتے ہیں۔ پاکستانی مندوب نے کہا کہ پاکستان تمام شراکت داروں کے ساتھ تعمیری انداز میں کام کرتا رہے گا تاکہ اقوام متحدہ کے امن مشن اور پولیسنگ کو مناسب وسائل فراہم کیے جائیں اور وہ اپنے نہایت اہم فرائض مؤثر طریقے سے انجام دے سکیں۔