الیکشن کمیشن آف پاکستان کے 42 افسران پر مشتمل وفد کا پارلیمنٹ ہاؤس کا مطالعاتی دورہ

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے 42 افسران پر مشتمل وفد کا پارلیمنٹ ہاؤس کا مطالعاتی دورہ

اسلام آباد۔3ستمبر (اے پی پی):الیکشن کمیشن آف پاکستان، اسلام آباد کے 42 افسران پر مشتمل وفد نے فیکلٹی ممبران کے ہمراہ جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس کا مطالعاتی دورہ کیا۔ پارلیمنٹ ہاؤس آمد پر سینیٹ سیکرٹریٹ کے حکام نے وفد کا خیر مقدم کیا۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق سیکرٹری سینیٹ سید حسنین حیدر نے وفد کو ایوانِ بالا کے آئینی تشخص، اختیارات، امورِ کار، انتظامی نظام اور ذمہ داریوں کے بارے میں تفصیلی آگاہی فراہم کی۔ انہوں نے سینیٹ کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ایوانِ بالا وفاق کی تمام اکائیوں کو مساوی نمائندگی کا مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے اور قومی یکجہتی و ہم آہنگی کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سینیٹ بالخصوص چھوٹے صوبوں کے حقوق اور مفادات کے تحفظ کا اہم ذریعہ ہے۔سیکرٹری سینیٹ نے وفد کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹیوں کے دائرکار، امورِ قانون سازی میں ان کے کردار اور کارکردگی کے ساتھ ساتھ پارلیمانی نگرانی کے مؤثر نظام سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے پارلیمانی سفارتکاری کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے اس امر کی وضاحت کی کہ سینیٹ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے پارلیمانی اور جمہوری مؤقف کو اجاگر کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سینیٹ قانون سازی، حکومتی امور کی نگرانی، احتساب اور عوامی نمائندگی سمیت متعدد اہم آئینی و پارلیمانی ذمہ داریاں انجام دیتا ہے۔ ایوانِ بالا قومی پالیسی سازی کے عمل میں اپنی مؤثر شرکت کے ذریعے ملکی معاملات میں متوازن اور جامع قانون سازی کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ جمہوری اداروں کے استحکام اور جمہوری نظام کے مزید مضبوط بنانے میں بھی کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔

وفد نے دورے کے دوران سینیٹ میوزیم کا دورہ کیا، جہاں انہیں پاکستان کی پارلیمانی تاریخ، سینیٹ کے قیام و ارتقاء، جمہوری سفر اور قانون ساز اداروں سے متعلق تاریخی و معلوماتی مواد کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ وفد کے ارکان نے سینیٹ میوزیم میں موجود مختلف تاریخی دستاویزات کا مشاہدہ کیا۔اس موقع پر وفد کو دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔ وفد نے گلی دستور کا بھی دورہ کیا۔بعد ازاں وفد نے سینیٹ ہال کا دورہ کیا، جہاں انہیں ایوانِ بالا کے اجلاس، پارلیمانی کارروائی، قانون سازی کے مراحل اور سینیٹ کے آئینی کردار کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وفد کو بتایا گیا کہ سینیٹ وفاق کی تمام اکائیوں کو مساوی نمائندگی فراہم کرنے والا اہم پارلیمانی ادارہ ہے، جو وفاقی اکائیوں کے مفادات کے تحفظ اور قومی قانون سازی کے عمل میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ مطالعاتی دورے کے دوران وفد کو پارلیمانی اداروں کی کارکردگی، جمہوری نظام کے استحکام اور آئینی و پارلیمانی اقدار کے فروغ کے حوالے سے بھی معلومات فراہم کی گئیں۔

وفد کے ارکان نے پارلیمانی نظام، سینیٹ کے کردار اور آئینی امور سے متعلق مختلف سوالات بھی کیے جن کے تفصیلی جوابات دیئے گئے۔وفد نے پارلیمنٹ ہاؤس کے مطالعاتی دورے کو نہایت معلوماتی، مفید اور یادگار قرار دیتے کہا کہ ایسے مطالعاتی دورے سرکاری افسران میں پارلیمانی نظام، آئینی امور اور جمہوری اداروں کے بارے میں آگاہی کو مزید فروغ دینے میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔