اسلام آباد ۔ 27 جون (اے پی پی) الیکشن کمیشن نے عام انتخابات 2018ءکے لئے ذرائع ابلاغ کے لئے 15 نکاتی ضابطہ اخلاق جاری کر دیا ہے جبکہ الیکشن کمیشن مختلف میڈیا تنظیموں کے نمائندوں کے ساتھ مل کر تیار کئے گئے میڈیا کیلئے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کیلئے مناسب لائحہ عمل وضع کرے گا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے بدھ کو جاری کئے گئے رہنما اصول میں کہا گیا …
الیکشن کمیشن نے عام انتخابات 2018ءکے لئے ذرائع ابلاغ کے لئے 15 نکاتی ضابطہ اخلاق جاری کر دیا
اسلام آباد ۔ 27 جون (اے پی پی) الیکشن کمیشن نے عام انتخابات 2018ءکے لئے ذرائع ابلاغ کے لئے 15 نکاتی ضابطہ اخلاق جاری کر دیا ہے جبکہ الیکشن کمیشن مختلف میڈیا تنظیموں کے نمائندوں کے ساتھ مل کر تیار کئے گئے میڈیا کیلئے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کیلئے مناسب لائحہ عمل وضع کرے گا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے بدھ کو جاری کئے گئے رہنما اصول میں کہا گیا ہے کہ تمام میڈیا انتخابی دورانیئے میں عوام کو متعلقہ انتخابی معاملات، سیاسی جماعتوں، امیدواروں کی سرگرمیوں اور انتخابی عمل کے حوالے سے آگاہ کریں گے۔ میڈیا کی جانب سے عام انتخابات کے دوران توازن اور غیر جانبداری برقرار رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ کسی سیاسی جماعت یا امیدوار کے خلاف تفریق پر مبنی رپورٹنگ سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ اس میں توازن اور غیر جانبداری کے ساتھ ساتھ مو¿ثر ساکھ کو بھی مد نظر رکھا جانا چاہیے۔ نفرت انگیز تقاریر کی حوصلہ شکنی کی جانی چاہیے۔ کسی قسم کی افواہوں، غلط اطلاعات سے گریز کیا جاناچاہیے۔ تمام امیدواروں، سیاسی جماعتوں اور ریاستی حکام کی جانب سے انتخابات کے دوران صحافیوں کو آزادی اظہار رائے کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ میڈیا کی جانب سے برداشت کے فروغ اورمذہب، ذات، مسلک یا دیگر کسی بھی قسم کے تشدد یانفرت پھیلانے سے گریز کیا جائے گا۔ ضابطہ اخلاق میں کہا گیا ہے کہ تمام حکام کی جانب سے میڈیا کے خلاف تشدد اور انہیں ہراساں کئے جانے یا ان کے املاک کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی قسم کے عمل کے روک تھام کو یقینی بنایا جائے گا۔









