امریکا، صدر ٹرمپ کے خلاف تحقیقات کرنے والے ایف بی آئی کے اہلکار برطرف

واشنگٹن ۔27فروری (اے پی پی):امریکا کے وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف تحقیقات کرنے والے مزید اہلکاروں کو برطرف کر دیا ہے۔اردو نیوز کے مطابق اس بار ان اہلکاروں کو فارغ کیا گیا ہے جنہوں نے ریپبلکن کی چھپائی گئی خفیہ دستاویزات کی تحقیقات میں حصہ لیا تھا۔یہ برطرفیاں ڈونلڈٹرمپ کی جانب سے مقرر کیے گئے ڈائریکٹر کاش پٹیل کی زیرنگرانی ہونے والے اس …

واشنگٹن ۔27فروری (اے پی پی):امریکا کے وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف تحقیقات کرنے والے مزید اہلکاروں کو برطرف کر دیا ہے۔اردو نیوز کے مطابق اس بار ان اہلکاروں کو فارغ کیا گیا ہے جنہوں نے ریپبلکن کی چھپائی گئی خفیہ دستاویزات کی تحقیقات میں حصہ لیا تھا۔یہ برطرفیاں ڈونلڈٹرمپ کی جانب سے مقرر کیے گئے ڈائریکٹر کاش پٹیل کی زیرنگرانی ہونے والے اس سلسلے کی کڑی ہیں جس میں گزشتہ سال بھی ایسے درجنوں ملازمین کو نکالا گیا تھا جنہوں نے یا تو صدر کے خلاف تحقیقات میں حصہ لیا تھا یا پھر جن کو انتظامیہ کے ایجنڈے کے خلاف سمجھا گیا تھا۔

گزشتہ سال ڈونلڈ ٹرمپ کے دوبارہ عہدہ سنبھالنے کے بعد سے محکمہ انصاف میں بھی پراسیکیوٹرز کی برطرفیاں ہوئیں۔ایف بی آئی ایجنٹس ایسوسی ایشن نے برطرفیوں کی مذمت کرتے ہوئے ان کو غیرقانونی اور قومی سلامتی کے لیے نقصان دہ قرار دیا ۔ایسوسی ایشن سے جاری بیان کے مطابق ایسی کارروائیاں افرادی قوت کو غیرمستحکم اور بیورو کو کمزور کرنے کے ساتھ ساتھ قیادت پر اعتماد کو بھی نقصان پہنچا رہی ہیں،یہ بیورو کے مطلوبہ مقاصد کو پورا کرنے کی صلاحیت کو بھی خطرے میں ڈالتی ہیں۔

برطرفیوں کی اس تازہ کارروائی میں وہ ملازمین شامل ہیں جنہوں نےڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مار اے لاگو ریزورٹ میں دستاویزات رکھنے کے معاملے پر تحقیقات میں حصہ لیا تھا۔یہ کیس فلوریڈا کی ایک جائیداد بارے ہے اور اس کے نتیجے میں وفاقی استغاثہ کی جانب سے موجودہ صدر پر اپنے پہلے دور حکومت سے متعلق اعلیٰ خفیہ ریکارڈ اپنے پاس رکھنے کا الزام لگایا گیا تھا اور حکومت کی جانب سے اس کو حاصل کرنے کی کوشش میں رکاوٹیں ڈالی گئیں۔

ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق اس معاملے سے براہ راست واقفیت رکھنے والے افراد نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ان برطرفیوں کی تصدیق کی ہے ۔ان میں سے ایک کا کہنا ہے کہ کُل 10 ملازمین کو فارغ کیا گیا جبکہ دوسرے نے بتایا کہ کم سے کم تعداد 10 ہے۔