واشنگٹن ۔25اکتوبر (اے پی پی):امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نےغزہ کے بے گھر فلسطینیوں کے لیے ایک بار پھر امداد کا اعلان کیا ہے۔
العربیہ کے مطابق 135 ملین ڈالر کی اس امدادی رقم کا اعلان اس وقت کیا گیا ہے جب غزہ میں جنگ بندی کے لیے کوششیں ایک بار پھر شروع کی جا رہی ہیں۔جنگ بندی کی یہ کوششیں انٹونی بلنکن کے مشرق وسطیٰ کے گیارہویں دورے کے موقع پر ایک بار پھر شروع کی جا رہی ہیں۔انٹونی بلنکن نے کہا ہم آج 135 ملین ڈالر کی امداد کا اعلان کر رہے ہیں۔
تاکہ انسانی بنیادوں پر امداد کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔ اس سلسلے میں غزہ ، مغربی کنارے اور دوسرے علاقوں کو پانی اور طبی آلات فراہم کیے جا رہے ہیں۔غزہ میں جاری اسرائیلی جنگ کے دوران مشرق وسطیٰ کے گیارہویں دورے کے موقع پر امریکی وزیر خارجہ نے کہا اب تک 1.2 ارب ڈالر کی امریکی امداد فلسطینیوں کو دی جا چکی ہے۔