وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان امن معاہدے کے مثبت اثرات خطے میں اقتصادی استحکام اور ترقی کے نئے مواقع پیدا کریں گے جبکہ پاکستان کے علاقائی رابطہ کاری اور ترقی کے وژن کو بھی تقویت ملے گی۔
امریکا اور ایران کے درمیان امن معاہدے کے مثبت اثرات خطے میں اقتصادی استحکام اور ترقی کے نئے مواقع پیدا کریں گے ، محمد حنیف عباسی

مزید خبریں
اسلام آباد۔15جون (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان امن معاہدے کے مثبت اثرات خطے میں اقتصادی استحکام اور ترقی کے نئے مواقع پیدا کریں گے جبکہ پاکستان کے علاقائی رابطہ کاری اور ترقی کے وژن کو بھی تقویت ملے گی۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ امن، استحکام اور تعمیری سفارت کاری کے فروغ میں مثبت کردار ادا کیا ہے اور تنازعات کے پرامن حل، باہمی احترام اور مذاکرات کے اصولوں کی حمایت کی ہے۔
محمد حنیف عباسی نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان مفاہمت سے خطے میں کشیدگی میں کمی آئے گی جبکہ اقتصادی سرگرمیوں، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کی راہ بھی ہموار ہوگی۔ وفاقی وزیر نے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت کی سفارتی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر ان کوششوں کا اعتراف قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قیادت نے خطے میں امن کے فروغ کے لیے دانشمندانہ اور ذمہ دارانہ کردار ادا کیا ہے جس سے ملک کے مثبت تشخص اور سفارتی وقار کو مزید استحکام ملا ہے۔
محمد حنیف عباسی نے کہا کہ امن معاہدے کے مثبت اثرات خطے میں اقتصادی استحکام اور ترقی کے نئے مواقع پیدا کریں گے جبکہ پاکستان کے علاقائی رابطہ کاری اور ترقی کے وژن کو بھی تقویت ملے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان مستقبل میں بھی علاقائی استحکام، امن اور اقتصادی تعاون کے فروغ کے لیے اپنا مثبت کردار جاری رکھے گا کیونکہ مذاکرات، افہام و تفہیم اور تعاون ہی عالمی امن اور خوشحالی کے حصول کا مؤثر راستہ ہیں۔








