امریکا اور یورپ یوکرین تنازعہ کے حل کے لیے چار نکاتی تجویز پر کام کر رہے ہیں، امریکی اخبار

امریکا اور یورپ یوکرین تنازعہ کے حل کے لیے چار نکاتی تجویز پر کام کر رہے ہیں۔یہ انکشاف روسی خبر رساں ادارے تاس نے امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے کالم نگار ڈیوڈ اگنیشیئس کی رپورٹ کے حوالہ سے کیا ہے ۔رپورٹ کے مطابق امریکا اور یورپی یونین ایک مشترکہ امن تجویز کی جانب بڑھ رہے ہیں جو علاقائی تصفیے کی بنیاد کے طور پر یوکرین اور روس دونوں کو مالی …

واشنگٹن۔13اکتوبر (اے پی پی):امریکا اور یورپ یوکرین تنازعہ کے حل کے لیے چار نکاتی تجویز پر کام کر رہے ہیں۔یہ انکشاف روسی خبر رساں ادارے تاس نے امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے کالم نگار ڈیوڈ اگنیشیئس کی رپورٹ کے حوالہ سے کیا ہے ۔رپورٹ کے مطابق امریکا اور یورپی یونین ایک مشترکہ امن تجویز کی جانب بڑھ رہے ہیں جو علاقائی تصفیے کی بنیاد کے طور پر یوکرین اور روس دونوں کو مالی اور سکیورٹی فوائد فراہم کرے گی۔ ایک امریکی عہدیدار نے بتایا کہ اس پیکیج کے چار بنیادی اجزا ہوں گے، جن میں روس کی جانب سے یورپ کے ساتھ ایک ایسے اقتصادی اور سکیورٹی معاہدے تک پہنچنے کی تجویز بھی شامل ہے جو خطے میں استحکام بحال کر سکے۔ ڈیوڈ اگنیشیئس نے کہا کہ یوکرین کی تعمیرِ نو اس پیکیج کا پہلا ستون ہوگا اور مزید یہ کہ مذاکرات کاروں نےیوکرینی حکومت سےتعمیر نو پر آنے والے ممکنہ اخراجات کے تفصیلی تخمینے طلب کیے ہیں۔یوکرین اور روس دونوں کے لیے سکیورٹی کی ضمانتیں دوسرا اہم جزو ہوں گی۔

تاہم، یہ واضح نہیں ہے کہ روس کو کس قسم کے سکیورٹی انتظامات کی پیشکش متوقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ تیسرا ستون توانائی کے معاہدے کے ذریعے روس، یوکرین اور یورپ کا اقتصادی انضمام ہوگا۔ اس کا ایک پہلو ایسی پائپ لائن ہو سکتی ہے جو روسی تیل اور گیس یورپ تک پہنچائے، اور جس کے منافع کو یوکرین اور روس آپس میں تقسیم کریں۔ یہ تجویز روس کو یورپی توانائی کی منڈی تک طویل مدتی رسائی بھی فراہم کرے گی اور اس بات کی وضاحت کرے گی کہ اقتصادی پابندیاں کب ہٹائی جائیں گی۔معاہدے کا چوتھا اور آخری حصہ موجودہ فرنٹ لائن (محاذِ جنگ) پر جنگ بندی ہوگا۔ واشنگٹن پوسٹ کے مطابق، اس منصوبے کے لیے ’’سفارتی پیش رفت‘‘ فلوریڈا میں ہونے والے ایک حالیہ اجلاس کے دوران ہوئی جس میں امریکا، یورپ اور یوکرین کے مذاکرات کاروں نے شرکت کی تھی۔

 

مزید خبریں