وزیردفاع خواجہ محمدآصف نے کہا ہے کہ امریکا ایران امن معاہدہ پاکستان کیلئے اہم اور تاریخی سفارتی کامیابی ہے، امریکا نے خطے میں امن کیلئے بہت بڑا قدم اٹھایا ہے، برادر خلیجی ممالک امن کیلئے سنہرے موقع سے فائدہ اٹھائیں۔
امریکا ایران امن معاہدہ پاکستان کیلئے اہم اورتاریخی سفارتی کامیابی ہے، وزیردفاع کاقومی اسمبلی میں اظہارخیال

مزید خبریں
اسلام آباد۔15جون (اے پی پی):وزیردفاع خواجہ محمدآصف نے کہا ہے کہ امریکا ایران امن معاہدہ پاکستان کیلئے اہم اور تاریخی سفارتی کامیابی ہے، امریکا نے خطے میں امن کیلئے بہت بڑا قدم اٹھایا ہے، برادر خلیجی ممالک امن کیلئے سنہرے موقع سے فائدہ اٹھائیں۔ پیر کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں امریکا ایران امن معاہدے پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہاکہ پاکستان تاریخ ساز لمحات سے گزرا ہے اور دنیا میں پاکستان کی عزت اور وقار میں اضافہ ہوا، پاکستان اور پاکستان کی قیادت نے جس تحمل، بردبادی اوردانشمندی سے اس معاملہ کوحل کیا یہ 75 سالہ تاریخ کااہم سنگ میل ہے ۔ وزیردفاع نے کہاکہ ایرانی بھائیوں نے جس طرح نازک وقت میں صبروتحمل کامظاہرہ کیا انتہائی دبائو میں اور انتہائی نازک دور میں جس طرح ان کی قیادت نے ایرانی قوم کی قیادت کی اور جس طرح ایرانی قوم نے اتحاد کا مظاہرہ کیا ہے وہ لائق ستائش ہے اور اللہ تعالیٰ نے آج ان پر اپنا کرم اور فضل کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر امت مسلمہ اسی طرح اتحاد اور اسی طرح کی یگانگت کا مظاہرہ کرے تو وہ دن دور نہیں ہے جب فلسطین کا مسئلہ بھی حل ہوگا اور غزہ کے مسلمانوں کو بھی انصاف ملے گا۔ انہوں نے کہاکہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو اعزاز بخشا ہے، پاکستان نے سفارتی محاذ پر اہم کامیابی حاصل کی ہے، پاکستان نے امن کیلئے کوششیں کی ہے جس کا ثمر اللہ تعالیٰ نے دیا ہے، آج سے ایک سال قبل ہم نے ایک اور جنگ لڑی تھی ، اللہ تعالیٰ نے اس میں بھی ہمیں فتح نصیب کی اوراس جنگ میں بھی ہماری افواج نے ہمارا سرفخر سے بلند کیاتھا، مختصرمدت میں دو بڑی کامیابیوں پر پوری قوم کو سربسجود ہونا چاہئے اور اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنا چاہئے۔
وزیردفاع نے کہاکہ ان دوبڑی کامیابیوں کی طرح اتفاق اوراتحادسے دہشت گردی اورمعاشی محاذپر جنگوں میں بھی ہم فتح حاصل کریں گے ، دہشت گردی کے خلاف جنگ ہم سب کی مشترکہ جنگ ہے۔ وزیردفاع نے کہاکہ وہ امریکی قیادت کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں، امریکا نے اس خطے میں امن کیلئے بہت بڑا قدم اٹھایا ہے اور ایران کے ساتھ جو بے انصافیاں کئی دہائیوں سے ہو رہی تھی ان کوتسلیم کیا ہے اورمعاہدے میں اس کی نشاندہی بھی کی ہے،وزیردفاع نے کہاکہ برادرخلیجی ممالک سے بھی اپیل ہے کہ ان کیلئے بھی یہ ایک سنہری موقع ہے کہ وہ اتحاد اورامن کے اس لمحہ سے فائدہ اٹھائیں ، اپنی اقوام اورمسلم امہ کومتحدکریں اورغزہ، کشمیر، لبنان اور جہاں جہاں مسلمانوں کومسائل کاسامناہے ان کے حل کیلئے اپنا کرداراداکریں۔








