سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد کی زیرِ صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس کا انعقاد

سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد کی زیرِ صدارت پیر کو ملک سعد شہید پولیس لائن میں پولیس افسران کا ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔کیپٹل سٹی پولیس پشاور تر جمان کے مطابق اجلاس کے دوران شہر کی مجموعی سکیورٹی صورتحال، محرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات اور مختلف اداروں کے مابین باہمی تعاون کے امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

پشاور۔ 15 جون (اے پی پی):سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد کی زیرِ صدارت پیر کو ملک سعد شہید پولیس لائن میں پولیس افسران کا ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔کیپٹل سٹی پولیس پشاور تر جمان کے مطابق اجلاس کے دوران شہر کی مجموعی سکیورٹی صورتحال، محرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات اور مختلف اداروں کے مابین باہمی تعاون کے امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

کسی بھی ممکنہ مسئلے کی بروقت نشاندہی اور مؤثر حل کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے مابین مربوط کوارڈینیشن کو مزید مضبوط بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔میٹنگ میں چیف ٹریفک آفیسر ڈاکٹر زاہد اللہ ، ایس ایس پی آپریشنز فرحان خان، ایس ایس پی انوسٹی گیشن عائشہ گل ، کمانڈنٹ کیمپس مجیب الرحمٰن ، ایس ایس پی کوآرڈینیشن عرفان عامر، ایس پی ہیڈکوارٹر علی گوہر خان، ایس پی سکیورٹی سجاد حسین، ڈویژنل ایس پیز، ایس ڈی پی اوز، ڈی ایس پی ہیڈکوارٹرز ، ڈی ایس پی سیف سٹی اور اے ڈی آئی ٹی سمیت دیگر پولیس افسران نے شرکت کی۔

میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد نے کہا کہ شہر میں امن و امان کے قیام اور محرم الحرام کے پُرامن انعقاد کے لیے تمام متعلقہ اداروں، مختلف مکاتبِ فکر، تاجر برادری اور تمام مسالک سے تعلق رکھنے والے علماء کرام اور مذہبی رہنماؤں کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی طرح رواں سال بھی پشاور پولیس محرم الحرام کے دوران فول پروف سکیورٹی کی فراہمی کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں اور وسائل بروئے کار لائے گی۔سی سی پی او پشاور نے واضح کیا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور مذہبی اجتماعات کے پُرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے تمام امام بارگاہوں، مساجد، مذہبی عبادت گاہوں اور حساس مقامات کا ازسرِنو سکیورٹی آڈٹ کرانے اور سفارشات کی روشنی میں جامع سکیورٹی پلان مرتب کرنے کی ہدایت جاری کی۔انہوں نے ضلع بھر میں خصوصی ناکہ بندیوں کے قیام، شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر سنیپ چیکنگ مزید مؤثر بنانے، مشکوک افراد کی کڑی نگرانی اور غیر قانونی طور پر مقیم افراد کے خلاف قانونی کارروائیوں کو تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اس کے علاوہ سراؤں اور ہوٹلوں میں قیام پذیر افراد کی مانیٹرنگ، جبکہ نواحی علاقوں میں انٹیلی جنس بیسڈ سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز کے انعقاد کے احکامات بھی جاری کیے گئے۔

سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے شہر بھر میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کا ازسرِنو جائزہ لیا جا رہا ہے اور غیر فعال کیمروں کو جلد فعال بنایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ کوہاٹی گیٹ میں قائم سپریم کمانڈ پوسٹ، سیف سٹی پروجیکٹ اور تھانہ خان رازق شہید میں قائم کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کے ذریعے جلوسوں، مجالس اور گزرگاہوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

سکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی جبکہ تمام ناکہ بندیوں اور انٹری پوائنٹس پر مقامی پولیس تعینات کی جائے گی۔ پولیس کی جانب سے کنٹرول رومز اور روف ٹاپ ڈیوٹیاں بھی قائم کی جائیں گی، جبکہ ریپڈ رسپانس فورس، کوئیک رسپانس فورس، ابابیل اسکواڈ، سٹی پٹرولنگ فورس، ایلیٹ فورس، اضافی موبائل یونٹس، بی ڈی یو سکواڈ، سنائپر ٹیموں، لیڈیز پولیس ، ڈاگ سکواڈز اور سادہ لباس میں ملبوس اہلکار بھی تعینات کیے جائیں گے تاکہ محرم الحرام کے دوران شہریوں کو ہر ممکن تحفظ فراہم کیا جا سکے۔