سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے امریکا اور اسلامی جمہوریہ ایران کے درمیان اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے ایک تاریخی سفارتی پیش رفت قرار دیا ہے
امریکا ایران معاہدہ دنیا میں امن و استحکام کے قیام کے لیے پاکستان کی مثبت اور تعمیری کوششوں کا عملی ثبوت ہے،سپیکر قومی اسمبلی

مزید خبریں
اسلام آباد۔18جون (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے امریکا اور اسلامی جمہوریہ ایران کے درمیان اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے ایک تاریخی سفارتی پیش رفت قرار دیا ہے جس کے نتیجے میں امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے میں توسیع ممکن ہوئی ہے۔ جمعرات کو اپنے بیان سپیکر سردار ایاز صادق نے وزیراعظم محمد شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر محسن رضا نقوی اور وزارت خارجہ پاکستان کے افسران و اہلکاروں کو اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کی کامیاب تکمیل اور دستخط پر مبارکباد پیش کی۔سپیکر سردار ایاز صادق نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کو بطور ثالث اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کی کامیاب سہولت کاری اور معاہدے کو حتمی شکل دینے پر خصوصی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی مدبرانہ قیادت، دور اندیش سفارت کاری اور علاقائی و عالمی امن کے لیے غیر متزلزل عزم نے پاکستان کو تنازعات کے پرامن حل اور قیام امن کے حوالے سے ایک معتبر اور قابل اعتماد ملک کے طور پر عالمی سطح پر مزید نمایاں کیا ہے۔ انہوں نے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بصیرت افروز قیادت اور متعلقہ فریقین کے درمیان مفاہمت اور اتفاق رائے پیدا کرنے میں ان کے گراں قدر کردار کو بھی سراہا۔سپیکر سردار ایاز صادق نے امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور نائب صدر جے ڈی وینس کی قیادت، دانشمندانہ طرز عمل اور تعمیری سفارتی روابط کے فروغ کے لیے ان کے عزم کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے اسلامی جمہوریہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای، صدر مسعود پزشکیان اور اسلامی مشاورتی اسمبلی کے سپیکر محمد باقر قالیباف کی حکمت، تعاون اور امن و استحکام کے فروغ کے لیے ان کی کاوشوں کو بھی سراہا۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے نتیجے میں خطے میں کشیدگی کا خاتمہ ممکن ہوا ہے اور آبنائے ہرمز کو بین الاقوامی تجارت اور اقتصادی سرگرمیوں کے لیے دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ ایسے بحران کے خاتمے کی جانب ایک اہم قدم ہے جس نے نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا میں سماجی و معاشی چیلنجز کو جنم دیا، بین الاقوامی تجارتی راستوں کو متاثر کیا، توانائی کی عالمی منڈیوں میں غیر یقینی صورتحال پیدا کی اور عالمی استحکام کو خطرات سے دوچار کیا۔سپیکر سردار ایاز صادق نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کو پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت کی ایک تاریخی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ پائیدار اور دیرپا امن، علاقائی استحکام، معاشی بحالی اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ کی مضبوط بنیاد فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس پیش رفت سے ثابت ہوتا ہے کہ مذاکرات، سفارت کاری اور باہمی احترام کے ذریعے تنازعات کا حل اور کشیدگی کا خاتمے ممکن ہے۔سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت میں پاکستان کی کامیاب ثالثی ملک کے اس دیرینہ موقف کی عکاس ہے جس کے تحت پاکستان ہمیشہ تنازعات کے پرامن حل، اقوام کے مابین باہمی احترام اور علاقائی و عالمی ہم آہنگی کے فروغ کا داعی رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس تاریخی سفارتی کامیابی نے عالمی برادری میں پاکستان کے وقار، ساکھ اور اعتماد کو مزید مستحکم کیا ہے۔سپیکر قومی اسمبلی نے اس غیر معمولی سفارتی کامیابی پر پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت عالمی امن، مکالمے اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ کے لیے پاکستان کے بڑھتے ہوئے کردار کا واضح مظہر ہے اور یہ معاہدہ دنیا میں امن و استحکام کے قیام کے لیے پاکستان کی مثبت اور تعمیری کوششوں کا عملی ثبوت ہے۔سپیکر سردار ایاز صادق نے برادر ممالک سعودی عرب، ترکیہ، قطر اور مصر کی قیادت اور حکومتوں کی سفارتی معاونت اور تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان ممالک کی کوششوں نے مذاکرات کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے اور فریقین کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کیا۔








