امریکا نے فیفا ورلڈ کپ 2026کے ٹاپ 32 میچ میں بوسنیا و ہرزیگووینا کو 0-2 سے شکست دے کر پری کوارٹر فائنل مرحلے کے لئے کوالیفائی کر لیا۔
امریکا نے بوسنیا و ہرزیگووینا کو 0-2 سے شکست دے کر ورلڈ کپ کے آخری 16 مرحلے میں جگہ بنا لی

مزید خبریں
سان فرانسسکو۔2جولائی (اے پی پی):امریکا نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے ٹاپ 32 میچ میں بوسنیا و ہرزیگووینا کو 0-2 سے شکست دے کر پری کوارٹر فائنل مرحلے کے لئے کوالیفائی کر لیا۔ شنہوا کے مطابق اس کامیابی کے ساتھ امریکا، کینیڈا اور میکسیکو تینوں میزبان ممالک ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچ گئے۔لیویز سٹیڈیم، سانتا کلاراکے مقام پر کھیلے گئے میگا ایونٹ کے ٹاپ 32 میچ میں امریکی ٹیم نے آغاز ہی سے جارحانہ کھیل پیش کیا اور پہلے ہاف میں حریف پر دباؤ برقرار رکھا۔ فلورین بالوگن کا 31 ویں منٹ میں کیا گیا گول آف سائیڈ قرار دے دیا گیا، تاہم وہ 45 ویں منٹ میں مالک ٹلمین کے پاس پر گیند جال میں پہنچا کر اپنی ٹیم کو بوسنیا و ہرزیگووینا کے خلاف 0-1 کی برتری دلانے میں کامیاب رہے۔دوسرے ہاف کے آغاز میں بوسنیا و ہرزیگووینا کو اس وقت بڑا دھچکا لگا جب تجربہ کار فارورڈ ایڈن ژیکو 51 ویں منٹ میں انجری کے باعث میدان چھوڑنے پر مجبور ہو گئے۔ 64 ویں منٹ میں وی اے آر جائزے کے بعد بالوگن کو ریڈ کارڈ دکھایا گیا، جس کے باعث میزبان امریکا نے بقیہ میچ 10 کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلا۔عددی کمی کے باوجود امریکی ٹیم نے کھیل پر اپنی گرفت برقرار رکھی اور 82 ویں منٹ میں سرجینو ڈیسٹ کی حاصل کردہ فری کک پر مالک ٹلمین نے گول کر کے برتری 0-2 کر دی، جو میچ کا فیصلہ کن ثابت ہوا۔یہ فتح ورلڈ کپ کی ناک آؤٹ تاریخ میں امریکا کی مجموعی طور پر دوسری جبکہ کسی یورپی حریف کے خلاف پہلی کامیابی ہے۔ اب آخری 16 مرحلے میں امریکا کا مقابلہ بیلجیم سے ہوگا۔








