امریکا نے دبئی میں قائم کرپٹو کرنسی ایکسچینج شیلبِٹ پر بھی پابندیاں عائد کر دیں

امریکا نے دبئی میں قائم کرپٹو کرنسی ایکسچینج شیلبِٹ پر بھی پابندیاں عائد کر دیں۔بی بی سی کے مطابق امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق شیلبِٹ نے ایرانی حکومت سے منسلک اداروں کے لیے کرپٹو کرنسی کی صورت میں لاکھوں ڈالر منتقل کیے۔

واشنگٹن ۔8اگست (اے پی پی):امریکا نے دبئی میں قائم کرپٹو کرنسی ایکسچینج شیلبِٹ پر بھی پابندیاں عائد کر دیں۔بی بی سی کے مطابق امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق شیلبِٹ نے ایرانی حکومت سے منسلک اداروں کے لیے کرپٹو کرنسی کی صورت میں لاکھوں ڈالر منتقل کیے۔

تاہم شیلبِٹ نے ان تمام الزامات کی تردید کی ہے اور کہا ہے کہ اس نے جنوری 2026 میں اپنی سرگرمیاں بند کر دی تھیں۔یہ اقدام 31 جولائی کو شائع ہونے والی رائٹرز کی ایک تحقیق کے بعد سامنے آیا ہے۔ اس تحقیق میں دبئی میں قائم ایکسچینج شیلبِٹ کو ایک ایسے نیٹ ورک کا اہم حصہ قرار دیا گیا تھا جس کے ذریعے مبینہ طور پر ایران پر عائد پابندیوں سے بچنے کے لیے چار ارب ڈالر منتقل کیے گئے۔رائٹرز کے مطابق شیلبِٹ نے ایران کے مرکزی بینک کے لیے کرپٹو کرنسی منتقل کی۔تحقیق میں یہ بھی کہا گیا کہ اس کا تعلق ایک بڑے غیر قانونی آن لائن جوئے کے نیٹ ورک سے تھا اور اس نے ایسے کرپٹو کوائن استعمال کیے جنھیں اسرائیلی حکومت پاسداران انقلاب سے منسلک سمجھتی ہے۔امریکہ اس سے پہلے دو جون کو ایران کے سب سے بڑے کرپٹو کرنسی ایکسچینج نوبی ٹیکس پر بھی پابندیاں عائد کر چکا ہے۔دوسری جانب شیلبِٹ نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس نے جان بوجھ کر منی لانڈرنگ، دہشت گردی کی مالی معاونت، غیر قانونی جوا، پابندیوں سے بچنے کی کوششوں یا کسی پابندی زدہ ادارے، فوجی تنظیم یا سرکاری ادارے کی جانب سے کام نہیں کیا۔کمپنی کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ اس نے جنوری 2026 میں اپنی سرگرمیاں بند کر دی تھیں۔