امریکا کی روسی تیل کی فروخت سے متعلق نئی اجازت، 16 مئی تک توسیع

مریکا نے روسی خام تیل اور پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت سے متعلق محدود رعایت میں توسیع دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ 17 اپریل سے قبل ٹینکروں پر لوڈ کیا گیا تیل 16 مئی 2026 تک فروخت، ترسیل اور آف لوڈ کیا جا سکے گا۔

واشنگٹن۔18اپریل (اے پی پی):امریکا نے روسی خام تیل اور پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت سے متعلق محدود رعایت میں توسیع دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ 17 اپریل سے قبل ٹینکروں پر لوڈ کیا گیا تیل 16 مئی 2026 تک فروخت، ترسیل اور آف لوڈ کیا جا سکے گا۔

تاس کے مطابق امریکی محکمہ خزانہ کے ذیلی ادارے آفس آف فارن ایسیٹس کنٹرول (OFAC) کی جانب سے جاری کردہ جنرل لائسنس کے مطابق یہ اجازت ان تمام کھیپوں پر لاگو ہوگی جو 17 اپریل کو مشرقی وقت کے مطابق رات 12 بج کر ایک منٹ تک جہازوں پر لوڈ ہو چکی تھیں۔دستاویز میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ رعایت بعض علاقوں پر لاگو نہیں ہوگی، جن میں کریمیا، ڈونیٹسک اور لوگانسک کے علاقے شامل ہیں، جبکہ ایران، کیوبا اور شمالی کوریا کے ساتھ لین دین بھی اس اجازت سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے۔

حکام کے مطابق یہ نیا جنرل لائسنس 19 مارچ کو جاری ہونے والے سابقہ لائسنس کی جگہ لے گا، جو 11 اپریل کو ختم ہو گیا تھا۔ اس سے قبل امریکہ نے 12 مارچ کو بھی اسی نوعیت کی پابندیوں میں جزوی نرمی کی تھی، جسے بعد ازاں مزید شرائط کے ساتھ اپ ڈیٹ کیا گیا۔یاد رہے کہ 15 اپریل کو وائٹ ہاؤس میں بریفنگ کے دوران امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے عندیہ دیا تھا کہ روسی اور ایرانی تیل کے لیے دی گئی رعایتوں کو مزید بڑھانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔