امریکا کے ساتھ جوہری مذاکرات میں دباؤ کے سامنے سر نہیں جھکائیں گے، ایرانی صدر

تہران۔22فروری (اے پی پی):ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ جوہری مذاکرات میں دباؤ کے سامنے سر نہیں جھکائیں گے۔ العربیہ کے مطابق مسعود پزشکیان نے ایرانی سرکاری ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والے ایک خطاب میں کہا کہ عالمی طاقتیں ہمیں سر جھکانے پر مجبور کرنے کے لیے صف بندی کر رہی ہیں لیکن ہم ان تمام مسائل کے باوجود سر نہیں جھکائیں گے …

تہران۔22فروری (اے پی پی):ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ جوہری مذاکرات میں دباؤ کے سامنے سر نہیں جھکائیں گے۔ العربیہ کے مطابق مسعود پزشکیان نے ایرانی سرکاری ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والے ایک خطاب میں کہا کہ عالمی طاقتیں ہمیں سر جھکانے پر مجبور کرنے کے لیے صف بندی کر رہی ہیں لیکن ہم ان تمام مسائل کے باوجود سر نہیں جھکائیں گے جو وہ ہمارے لیے پیدا کر رہے ہیں۔

ایرانی صدر نے مزید کہا کہ ہم تمام سختیوں اور مسائل کے باوجود کسی بھی آزمائش کے سامنے ہار نہیں مانیں گے، ہم مشکلات کا مقابلہ کریں گے اور حتمی فتح ہمارا مقدر ہوگی۔ یاد رہے کہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے چند روز قبل کہا تھا کہ وہ رواں ہفتے امریکا کے ساتھ ہونے والے جوہری مذاکرات کے بعد چند دنوں میں ایک جوابی تجویز کا مسودہ تیار کرنے کی توقع رکھتے ہیں۔

اسی دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے محدود فوجی حملے کرنے پر غور کرنے کا عندیہ دیا ۔امریکی حکام نے ’’رائٹرز‘‘ کو بتایا کہ ایران کے حوالے سے امریکی فوج کی منصوبہ بندی ایڈوانس مرحلے میں پہنچ چکی ہے جس میں حملے کے دوران افراد کو نشانہ بنانے اور اگر ڈونلڈ ٹرمپ حکم دیں تو تہران میں حکومت کی تبدیلی کی کوشش جیسے اختیارات شامل ہیں۔