امریکی سکیئر لِنزے وان کی تیسری سرجری کامیاب، بتدریج بہتری آ رہی ہے

کورٹینا۔12فروری (اے پی پی):امریکی سکیئنگ لیجنڈ لنزے وان نے اٹلی میں جاری سرمائی اولمپکس 2026میں حادثے کے بعد اپنی ٹوٹی ہوئی ٹانگ کی تیسری سرجری کامیاب ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بتدریج صحت یاب ہو رہی ہیں۔بی بی سی کے مطابق لنزے وان 8فروری کو کورٹینا میں ڈاؤن ہِل ریس کے آغاز کے محض 13 سیکنڈ بعد گیٹ سے ٹکرا گئیں۔ وہ اس ریس میں اپنے …

کورٹینا۔12فروری (اے پی پی):امریکی سکیئنگ لیجنڈ لنزے وان نے اٹلی میں جاری سرمائی اولمپکس 2026میں حادثے کے بعد اپنی ٹوٹی ہوئی ٹانگ کی تیسری سرجری کامیاب ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بتدریج صحت یاب ہو رہی ہیں۔بی بی سی کے مطابق لنزے وان 8فروری کو کورٹینا میں ڈاؤن ہِل ریس کے آغاز کے محض 13 سیکنڈ بعد گیٹ سے ٹکرا گئیں۔ وہ اس ریس میں اپنے بائیں گھٹنے کی انجری کے صرف 9 دن بعد ہی شریک ہوئی تھیں۔ حادثے کے فوراً بعد انہیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے پیسٹ سے ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ٹریویزو میں ڈاکٹروں نے ان کی بائیں ٹانگ میں پیچیدہ ٹبیا فریکچر کی تشخیص کی۔

انسٹاگرام پر جاری بیان میں لنزے وان نے لکھا کہ آج میری تیسری سرجری ہوئی جو کامیاب رہی۔ کامیابی کا مطلب اب چند دن پہلے سے بالکل مختلف ہے۔ میں بہتری کی جانب گامزن ہوں، اگرچہ رفتار سست ہے لیکن مجھے یقین ہے کہ میں ٹھیک ہو جاؤں گی۔انہوں نے طبی عملے، اہل خانہ، دوستوں اور دنیا بھر سے ملنے والی حمایت پر اظہارِ تشکر بھی کیا، جبکہ ٹیم یو ایس اے کے ساتھی کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی کارکردگی انہیں حوصلہ دے رہی ہے۔2010 کی اولمپک ڈاؤن ہِل چیمپئن لنزےوان 2019 میں ریٹائر ہو گئی تھیں اور اس وقت وہ تاریخ کی کامیاب ترین خاتون سکیئر تھیں۔

اپنے کیریئر کے دوران انہیں ٹانگوں کی کئی سنگین چوٹوں کا سامنا کرنا پڑا۔ جزوی گھٹنے کی تبدیلی (نی ری پلیسمنٹ)کے بعد انہوں نے 2024 میں حیران کن واپسی کا اعلان کیا۔واپسی کے بعد وہ ورلڈ کپ سرکٹ میں 8 پوڈیم فِنش حاصل کر چکی تھیں، جن میں 2 طلائی تمغے بھی شامل تھے، اور انہیں اپنے پانچویں اور ممکنہ طور پر آخری اولمپکس میں تمغے کی مضبوط امیدوار سمجھا جا رہا تھا۔اولمپکس سے قبل سوئٹزرلینڈ میں آخری ورلڈ کپ ریس کے دوران اے سی ایل انجری کے باوجود لنزےوان کورٹینا میں ریس کرنے کے لیے پُرعزم تھیں۔وہ مقام جہاں انہیں ماضی میں نمایاں کامیابیاں ملی تھیں۔ پیر کو انہوں نے کہا تھاکہ مجھے کوئی پچھتاوا نہیں۔ میں نے خواب دیکھنے کی جرات کی اور اسے پورا کرنے کے لیے سخت محنت کی تھی۔