امریکی شہر فلاڈیلفیا میں شدید طوفان کے بعد ہنگامی حالت نافذ، بحالی کا کام جاری

امریکی شہر فلاڈیلفیا میں شدید طوفان کے بعد ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی، جبکہ امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں بحالی اور امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔

واشنگٹن ۔13جولائی (اے پی پی):امریکی شہر فلاڈیلفیا میں شدید طوفان کے بعد ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی، جبکہ امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں بحالی اور امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ اماراتی نیوز ایجنسی وام کے مطابق فلاڈیلفیا کی میئر شیرل پارکر نے کہا کہ بنیادی سہولیات کی بحالی کے لیے تمام دستیاب وسائل متحرک کر دئیے گئے ہیں، جبکہ امدادی ٹیمیں متاثرہ شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے اور ملبہ ہٹانے کا کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔ہفتے کی شام آنے والے طوفان نے عمارتوں، بنیادی ڈھانچے اور رہائشی املاک کو شدید نقصان پہنچایا۔ 97 سے 113 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کے باعث بڑے پیمانے پر بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی، درخت جڑوں سے اکھڑ گئے اور متعدد سڑکیں زیر آب آ گئیں۔طوفان کے نتیجے میں مغربی فلاڈیلفیا میں ایک عمارت منہدم ہو گئی، جبکہ متعدد گاڑیاں اور رہائشی مکانات بھی متاثر ہوئے۔امریکی نیشنل ویدر سروس نے تصدیق کی ہے کہ یہ تباہی سیدھی سمت میں چلنے والی تیز ہواؤں (Straight-line winds) کے باعث ہوئی، نہ کہ بگولے (ٹورنیڈو) کے نتیجے میں، جبکہ امریکا کے مختلف حصے اس وقت شدید موسمی حالات کی لپیٹ میں ہیں۔