امریکی ریاست ایریزونا کے آبادی کے لحاظ سے دوسرے بڑے شہر ٹکسن میں پرہجوم مقام پر فائرنگ کے نتیجہ میں مشتبہ شخص سمیت10افراد زخمی ہو گئے۔
امریکی شہر ٹکسن میں پر ہجوم مقام پر فائرنگ، مشتبہ شخص سمیت10افراد زخمی

مزید خبریں
لاس اینجلس۔20جولائی (اے پی پی):امریکی ریاست ایریزونا کے آبادی کے لحاظ سے دوسرے بڑے شہر ٹکسن میں پرہجوم مقام پر فائرنگ کے نتیجہ میں مشتبہ شخص سمیت10افراد زخمی ہو گئے۔
شنہوا کی رپورٹ میں ٹکسن پولیس ڈیپارٹمنٹ کے حکام کے حوالہ سے بتایا گیا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ گزشتہ روز مقامی وقت کے مطابق دوپہر 2 بجے پیش آیا۔مقامی میڈیا نے پولیس کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا کہ علاقے میں گشت کرنے والے پولیس اہلکاروں نے فائرنگ کی آواز سنی اور فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچے جہاں انہوں نے ایک مشتبہ شخص کو بھاگتے ہوئے دیکھا۔ پولیس اہلکاروں نے اسے متعد بار رک جانے کا حکم دیا اور یہ حکم نہ ماننے پر اسے فائرنگ کر کے زخمی کر دیا۔ ٹکسن فائر ڈیپارٹمنٹ کے مطابق فائرنگ سے زخمی ہونے والے مشتبہ شخص کو قریبی ہسپتال لے جانے سے پہلے فوری طبی امداد فراہم کی گئی ۔ ٹکسن پولیس ڈیپارٹمنٹ نے ایکس پر پوسٹ میں کہا کہ ایک مشتبہ شخص حراست میں ہے اور فائرنگ سے شدید زخمی ہونے والے متعدد افراد کا علاج کیا جا رہا ہے ۔ مقامی پولیس کی طرف سے ملزم اور زخمی ہونے والوں کی شناخت جاری نہیں کی گئی جبکہ فائرنگ کی وجہ بھی فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی۔








