امن و امان کا قیام، شہریوں کی جان و مال اور املاک کا تحفظ پنجاب پولیس کی اولین ترجیح ہے، آئی جی پنجاب

نسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم نے جمعتہ المبارک کے موقع پر لاہور سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رکھنے کے احکامات جاری کیے۔

لاہور۔5جون (اے پی پی):انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم نے جمعتہ المبارک کے موقع پر لاہور سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رکھنے کے احکامات جاری کیے۔ آئی جی پنجاب کی ہدایات کے مطابق مساجد، امام بارگاہوں، مزارات، مارکیٹوں اور دیگر حساس مقامات کی سکیورٹی مزید موثر بنائی گئی جبکہ اہم شاہراہوں، عبادت گاہوں اور کاروباری مراکز کے اطراف پولیس کی موثر پٹرولنگ اور نگرانی کو یقینی بنایا گیا۔آئی جی پنجاب عبدالکریم نے تمام آر پی اوز، سی پی اوز، ڈی پی اوز اور فیلڈ افسران کو ہدایت کی کہ وہ سکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی کریں اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کا قیام، شہریوں کی جان و مال اور املاک کا تحفظ پنجاب پولیس کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔آئی جی پنجاب کی خصوصی ہدایات پر نماز جمعہ کے بعد پولیس افسران نے مختلف مساجد میں شہریوں سے ملاقاتیں کیں، ان کے مسائل سنے اور موقع پر ان کے حل کے لیے ضروری اقدامات بھی کیے۔ افسران نے عوامی مسائل کے فوری ازالے اور پولیس خدمات کی فراہمی کے حوالے سے شہریوں کی تجاویز بھی حاصل کیں۔آئی جی پنجاب نے تمام سپروائزری افسران کو تاکید کی کہ وہ شہریوں کے ساتھ براہِ راست رابطہ برقرار رکھیں، ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں اور کمیونٹی پولیسنگ کے فروغ کے لیے اپنی ذمہ داریاں مزید مثر انداز میں انجام دیں۔