انسدادِ ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کریک ڈاؤن، متعدد گرفتاریاں، دفاتر اور دکانیں سیل

اسلام آباد کو ڈینگی سے محفوظ رکھنے کے لیے ضلعی انتظامیہ نے انسدادِ ڈینگی مہم کے تحت کارروائیاں مزید تیز کر دی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی ہدایت پر شہر بھر میں ڈینگی لاروا کی افزائش کا سبب بننے والے عوامل اور ایس او پیز کی خلاف ورزیوں کے خلاف یومیہ بنیادوں پر کریک ڈاؤن جاری ہے

اسلام آباد۔20جون (اے پی پی):اسلام آباد کو ڈینگی سے محفوظ رکھنے کے لیے ضلعی انتظامیہ نے انسدادِ ڈینگی مہم کے تحت کارروائیاں مزید تیز کر دی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی ہدایت پر شہر بھر میں ڈینگی لاروا کی افزائش کا سبب بننے والے عوامل اور ایس او پیز کی خلاف ورزیوں کے خلاف یومیہ بنیادوں پر کریک ڈاؤن جاری ہے۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق ایف سکس اور ایف سیون سیکٹرز میں کارروائیوں کے دوران 13 افراد کو گرفتار کیا گیا، جبکہ جی سیکس سے 4 افراد کو حراست میں لیا گیا۔ ریڈ زون میں انسدادِ ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 5 افراد کو متعلقہ تھانے منتقل کر دیا گیا۔اسی طرح ای الیون میں کارروائی کے دوران دو دفاتر اور تین دکانوں کو سیل کر دیا گیا جبکہ 4 افراد کو گرفتار کرکے تھانے منتقل کیا گیا۔ جی-13 میں بھی ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر دو افراد کو حراست میں لینے کے ساتھ ایک دفتر سیل کر دیا گیا۔ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ ڈینگی کے پھیلاؤ اور کیسز میں اضافے کا سبب بننے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں اور شہریوں کی صحت کے تحفظ کے لیے انسدادِ ڈینگی اقدامات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائیں۔