انسپکٹر جنرل پولیس (آئی جی پی) اسلام آباد نے شہدا کے اہل خانہ کے ساتھ عید منائی

اسلام آباد۔21مارچ (اے پی پی):انسپکٹر جنرل پولیس (آئی جی پی) اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے عید الفطر شہدا کے اہل خانہ کے ساتھ منائی، اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔اسلام آباد پولیس کے شعبہ تعلقات عامہ کے حکام نے اے پی پی کو بتایا کہ پولیس لائنز میں عید کا بڑا اجتماع منعقد ہوا۔ پولیس ہیڈ کوارٹرز کی مسجد میں آئی جی …

اسلام آباد۔21مارچ (اے پی پی):انسپکٹر جنرل پولیس (آئی جی پی) اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے عید الفطر شہدا کے اہل خانہ کے ساتھ منائی، اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔اسلام آباد پولیس کے شعبہ تعلقات عامہ کے حکام نے اے پی پی کو بتایا کہ پولیس لائنز میں عید کا بڑا اجتماع منعقد ہوا۔ پولیس ہیڈ کوارٹرز کی مسجد میں آئی جی اسلام آباد، اعلیٰ حکام اور پولیس اہلکاروں نے نماز عید ادا کی۔

اس موقع پر آئی جی پی سید علی ناصر رضوی نے پولیس اہلکاروں کو عید کی مبارکباد دی اور نماز عید کے بعد ان سے عید بھی ملے۔ انہوں نے یادگار شہداء پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔آئی جی اسلام آباد نے شہداء کے بچوں کے ساتھ بھی وقت گزارا، ان سے گرم جوشی سے گفتگو کی اور عید کی مبارکبادوں کا تبادلہ بھی کیا۔

انہوں نے کہا کہ شہداء کے خاندان میرے اپنے خاندان کی طرح ہیں اور یقین دلایا کہ ان کے بچوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ شہداء کی قربانیوں سے قوم کے لیے عید پرامن طریقے سے منانا ممکن ہوا۔نما زعید کی ادائیگی کے بعد عمرہ کے لیے قرعہ اندازی بھی کی گئی ۔آئی جی پی سید علی ناصر رضوی نے اس بات کا اعادہ کیا کہ اسلام آباد پولیس اپنے شہداء کو عزت دینے اور ان کے اہل خانہ کی ہر وقت مدد کے لیے پرعزم ہے۔