چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ جدید دور میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی مواصلات نے دنیا کو گلوبل ویلج میں تبدیل کر دیا ہے جہاں معلومات کی بروقت رسائی، مؤثر رابطے اور ڈیجیٹل سہولیات ترقی، خوشحالی اور عوامی فلاح کے لیے ناگزیر حیثیت اختیار کر چکی ہیں
انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی مواصلات نے دنیا کو گلوبل ویلج میں تبدیل کر دیا ، سید یوسف رضا گیلانی
اسلام آباد۔17مئی (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ جدید دور میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی مواصلات نے دنیا کو گلوبل ویلج میں تبدیل کر دیا ہے جہاں معلومات کی بروقت رسائی، مؤثر رابطے اور ڈیجیٹل سہولیات ترقی، خوشحالی اور عوامی فلاح کے لیے ناگزیر حیثیت اختیار کر چکی ہیں۔سینیٹ سیکرٹریٹ سے عالمی یومِ ٹیلی مواصلات و انفارمیشن سوسائٹی کے موقع پر جاری پیغام میں چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ہر سال 17 مئی کو منایا جانے والا یہ عالمی دن 1865 میں انٹرنیشنل ٹیلی کمیونیکیشن یونین (آئی ٹی یو ) کے قیام کی یاد دلاتا ہے اور اس دن کو منانے کا بنیادی مقصد دنیا بھر میں مواصلاتی ٹیکنالوجی، جدید رابطوں اور معلومات کی منتقلی کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا ہے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی نے تعلیم، صحت، تجارت، پارلیمانی امور اور عوامی خدمات سمیت زندگی کے ہر شعبے میں انقلابی تبدیلیاں پیدا کی ہیں۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ پاکستان میں جدید مواصلاتی نظام اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کے ذریعے نوجوان نسل کو عالمی سطح پر ترقی کے مساوی مواقع فراہم کیے جا سکتے ہیں۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ موجودہ دور میں ڈیجیٹل شمولیت، سائبر سکیورٹی اور جدید ٹیکنالوجی تک مساوی رسائی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمنٹ اور ریاستی ادارے جدید انفارمیشن سسٹمز کے فروغ، ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال اور ڈیجیٹل ترقی کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے رہیں گے۔سید یوسف رضا گیلانی نے عالمی یومِ ٹیلی مواصلات و انفارمیشن سوسائٹی کے موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان جدید مواصلاتی نظام، ڈیجیٹل اختراعات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کے ذریعے ترقی یافتہ اور مربوط معاشرے کے قیام کی جانب اپنا سفر جاری رکھے گا۔\









