انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستان ویمن ٹیم کی کھلاڑی سدرہ امین کو میچ کے دوران ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی پر باضابطہ تنبیہ جاری کر دی

کینڈی۔25فروری (اے پی پی):انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستان ویمن ٹیم کی کھلاڑی سدرہ امین کو جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ایک روزہ بین الاقوامی میچ کے دوران ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی پر باضابطہ تنبیہ جاری کر دی ہے۔ یہ میچ بلوم فونٹین میں اتوار کے روز کھیلا گیا تھا۔ سدرہ امین کو آئی سی سی کے ضابطۂ اخلاق کے آرٹیکل 2.2 کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا گیا، …

کینڈی۔25فروری (اے پی پی):انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستان ویمن ٹیم کی کھلاڑی سدرہ امین کو جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ایک روزہ بین الاقوامی میچ کے دوران ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی پر باضابطہ تنبیہ جاری کر دی ہے۔ یہ میچ بلوم فونٹین میں اتوار کے روز کھیلا گیا تھا۔

سدرہ امین کو آئی سی سی کے ضابطۂ اخلاق کے آرٹیکل 2.2 کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا گیا، جو بین الاقوامی میچ کے دوران کرکٹ آلات، لباس یا گراؤنڈ کے سازوسامان کے ساتھ بدسلوکی سے متعلق ہے۔ اس خلاف ورزی پر ان کے ڈسپلنری ریکارڈ میں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی شامل کر دیا گیا ہے۔ گزشتہ 24 ماہ کے دوران یہ ان کی دوسری خلاف ورزی ہے، جس کے بعد ان کے مجموعی ڈی میرٹ پوائنٹس کی تعداد دو ہو گئی ہے۔

یہ واقعہ پاکستان کی اننگز کے 24ویں اوور میں پیش آیا جب آؤٹ ہونے کے بعد سدرہ امین نے کریز چھوڑنے سے قبل غصے میں اپنا بلا زمین پر دے مارا۔ اس سے قبل بھی انہیں 5 اکتوبر 2025 کو آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ 2025 میں بھارت کے خلاف میچ کے دوران اسی نوعیت کی خلاف ورزی پر ایک ڈی میرٹ پوائنٹ دیا گیا تھا۔

سدرہ امین نے اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے امارات آئی سی سی انٹرنیشنل پینل آف میچ ریفریز کی رکن شاندری فرٹز کی جانب سے تجویز کردہ سزا قبول کر لی، جس کے باعث باقاعدہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔

آن فیلڈ امپائرز کیرن کلاستے اور نِمالی پریرا، تھرڈ امپائر لارین ایگن بیگ اور فورتھ امپائر اسٹیسی لیکے نے یہ چارج عائد کیا تھا۔ لیول ون کی خلاف ورزی پر کم از کم سرکاری تنبیہ، زیادہ سے زیادہ میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ اور ایک یا دو ڈی میرٹ پوائنٹس کی سزا دی جا سکتی ہے۔