اسلام آباد۔23فروری (اے پی پی):ٹیکسٹائل صنعت کی بڑی کمپنی انٹر لوپ کے بعد از ٹیکس منافع میں جاری مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 115فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔
کمپنی کی طرف سے پاکستان سٹاک ایکسچینج میں جمع کردہ مالیاتی بیان کے مطابق مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں کمپنی کو 9.85ارب روپے کا بعد از ٹیکس منافع حاصل ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 115فیصد زیادہ ہے ۔
گزشتہ سال کی اسی مدت میں کمپنی کو 4.58ارب روپے کا بعد از ٹیکس منافع حاصل ہوا تھا۔ جاری مالی سال کے پہلے 6ماہ میں کمپنی کی فی حصص آمدنی 7.03روپے ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 3.27روپے تھی ۔
مالی سال کی دوسری سہ ماہی میں کمپنی کو 3.81ارب روپے کا بعد از ٹیکس منافع حاصل ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں منفی 376روپے تھا ۔ سال کی دوسری سہ ماہی میں کمپنی کی فی حصص آمدنی 2.72روپے ریکارڈ کی گئی ۔