انٹر پارلیمانی سپیکرز کانفرنس کی سفیر مصباح کھر روانڈا۔پاکستان سرمایہ کاری فورم میں پاکستانی کاروباری وفد کی قیادت کریں گی
انٹر پارلیمانی سپیکرز کانفرنس کی سفیر مصباح کھر روانڈا۔پاکستان سرمایہ کاری فورم میں پاکستانی کاروباری وفد کی قیادت کریں گی

مزید خبریں
اسلام آباد۔3ستمبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی مشیر اور انٹر پارلیمانی سپیکرز کانفرنس کی سفیر مصباح کھر روانڈا میں منعقد ہونے والے روانڈا۔پاکستان سرمایہ کاری فورم میں پاکستانی کاروباری وفد کی قیادت کریں گی۔
سینیٹ سیکرٹریٹ کے میڈیا ڈائریکٹوریٹ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق مصباح کھر نے پاکستان میں روانڈا کے سفیر سے ملاقات کی جس میں پاکستان اور روانڈا کے درمیان دوطرفہ اقتصادی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران مصباح کھر کو روانڈا ڈویلپمنٹ بورڈ اور پاکستان میں روانڈا کے ہائی کمیشن کے زیر اہتمام 23 سے 25 ستمبر تک روانڈا کے دارالحکومت کیگالی میں منعقد ہونے والے روانڈا۔پاکستان سرمایہ کاری فورم میں شرکت کی دعوت دی گئی۔
مصباح کھر نے دعوت کا خیرمقدم کرتے ہوئے فورم میں شرکت پر آمادگی ظاہر کی اور کہا کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری شعبے میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کے لئے پاکستانی کاروباری وفد کی قیادت کریں گی۔انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کے اقدامات پاکستانی تاجروں اور سرمایہ کاروں کو روانڈا کی بڑھتی ہوئی اقتصادی صلاحیت سے استفادہ کرنے کا اہم موقع فراہم کرتے ہیں جبکہ ان کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون، عوامی روابط اور کاروباری تعلقات کو بھی فروغ ملے گا۔
پریس ریلیز کے مطابق روانڈا۔پاکستان سرمایہ کاری فورم میں دونوں ممالک کے کاروباری رہنماؤں، سرمایہ کاروں اور متعلقہ شعبوں کے نمائندوں کی شرکت متوقع ہے جہاں سرمایہ کاری کے مواقع، شراکت داری اور اقتصادی تعاون کے فروغ کے مختلف پہلوؤں پر غور کیا جائے گا۔مصباح کھر نے امید ظاہر کی کہ ان کی شرکت اور پاکستانی کاروباری وفد کا دورہ پاکستان اور روانڈا کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔








