انڈر19 ویمنز اسکلز اینڈ فٹنس کیمپ اختتام پذیر

انڈر19 ویمنز اسکلز اینڈ فٹنس کیمپ اختتام پذیر

لاہور۔28مئی (اے پی پی):پی سی بی کے ترجمان کے مطابق کراچی میں منعقدہ انڈر 19 ویمنز اسکلز اینڈ فٹنس کیمپ اختتام پذیر ہوگیا، جس میں ملک بھر سے30 کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ کیمپ کے دوران کھلاڑیوں کی فیلڈنگ، بیٹنگ، بولنگ اور فٹنس پر خصوصی توجہ دی گئی تاکہ انہیں جدید کرکٹ کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔

کیمپ میں کیچنگ، گرائونڈ فیلڈنگ، تھرونگ ایکیوریسی اور فیلڈ اویئرنس پر خصوصی کام کیا گیا، جبکہ پاور ہٹنگ، ماڈرن ڈے بیٹنگ اور مثبت مائنڈ سیٹ کی تربیت بھی دی گئی۔ بولنگ سیشنز میں یارکرز، سلو ڈلیوریز، وائیڈ یارکرز اور ٹارگٹ بولنگ کی خصوصی پریکٹس کروائی گئی۔

کیمپ کوچ محمد مسرور نے کہا کہ کیمپ کے اختتام تک کھلاڑیوں کی فٹنس، اعتماد اور ذہنی تیاری میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض کھلاڑیوں کے لیے یہ پہلا انڈر19 کیمپ تھا، تاہم یہ نوجوان کرکٹرز کے لیے سیکھنے کا بہترین موقع ثابت ہوا۔

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ کھلاڑی مستقبل میں پاکستان کے لیے بہتر نتائج دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ ان کے مطابق کیمپ کا بنیادی مقصد فیلڈنگ اسٹینڈرڈ، ماڈرن بیٹنگ اور گیم اویئرنس کو بہتر بنانا تھا، جبکہ کھلاڑیوں نے کیمپ کے دوران بتدریج بہتری دکھائی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مزید کیمپس کے انعقاد سے کھلاڑی انٹرنیشنل معیار حاصل کرنے میں کامیاب ہوں گی۔

مزید خبریں