انڈر19 کھلاڑیوں کے لئے پہلی مرتبہ سینٹرل کنٹریکٹس کا اجرا خوش آئند ہے،ہیڈ کوچ شاہد انور

پاکستان انڈر19 کے ہیڈ کوچ شاہد انور اور کھلاڑیوں نے انگلینڈ میں شاندار کارکردگی کے بعد چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی کی جانب سے دی گئی دعوت اور حوصلہ افزائی پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے

لاہور۔21ستمبر (اے پی پی):پاکستان انڈر19 کے ہیڈ کوچ شاہد انور اور کھلاڑیوں نے انگلینڈ میں شاندار کارکردگی کے بعد چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی کی جانب سے دی گئی دعوت اور حوصلہ افزائی پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ہیڈ کوچ شاہد انور نے کہا کہ انگلینڈ میں عمدہ کارکردگی کے بعد چیئرمین پی سی بی نے انڈر19 کھلاڑیوں کو مدعو کیا اور ان سے انفرادی ملاقاتیں کرکے بھرپور حوصلہ افزائی کی۔انہوں نے کہا کہ انڈر19 کھلاڑیوں کے لیے پہلی مرتبہ سینٹرل کنٹریکٹس کا اجرا خوش آئند ہے،جس سے نوجوان کھلاڑیوں کو بہتر کارکردگی کی ترغیب ملے گی۔شاہد انور کے مطابق اچھی کارکردگی کا صلہ ملنے سے نوجوان کرکٹرز کا اعتماد بڑھتا ہے،جبکہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی حوصلہ افزائی کھلاڑیوں اور کوچنگ سٹاف کیلئے باعثِ تقویت ہے۔پاکستان انڈر19 ٹیم کے کپتان فرحان یوسف نے کہا کہ ملتان میں انڈر 19 ڈویلپمنٹ کیمپس سے کھلاڑیوں کو بہت فائدہ ہوا ہے۔گزشتہ دو برسوں کے دوران ملتان میں منعقد ہونے والے انڈر19 کیمپس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔ان کےمطابق چیئرمین پی سی بی سے ملاقات ان کیلئے حوصلہ افزا رہی، جبکہ انڈر19 سطح پر پہلی مرتبہ سینٹرل کنٹریکٹس ملنا بھی کھلاڑیوں کیلئے باعثِ خوشی ہے۔عالیان سلمان نے کہا کہ سینٹرل کنٹریکٹ ملنے سے کھلاڑیوں کا اعتماد اور حوصلہ بڑھے گا،نوجوان کرکٹرز اپنی کرکٹ پر مزید توجہ کر سکیں گے۔جہانگیر بلال کا کہنا تھا کہ سینٹرل کنٹریکٹ کے ذریعے نوجوان کھلاڑی اپنی کرکٹ پر توجہ مرکوز کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے اہلِ خانہ کی مالی معاونت بھی کر سکیں گے۔رضوان اللہ نے کہا کہ اس تاریخی اقدام پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے شکر گزار ہیں۔ان کے مطابق انعامات اور سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان نوجوان کھلاڑیوں کیلئے بڑی حوصلہ افزائی ہے۔