انڈونیشیا میں بین الاقوامی بلیو اکانومی فورم جمعہ سے شروع ہوگا

انڈونیشیا میں 2 روزہ بین الاقوامی بلیو اکانومی فورم جمعہ سے شروع ہوگا۔

جکارتہ۔14جولائی (اے پی پی):انڈونیشیا میں 2 روزہ بین الاقوامی بلیو اکانومی فورم جمعہ سے شروع ہوگا۔

شنہوا کے مطابق انڈونیشیا کے مشرقی صوبے جاوا کے ضلع بنیوانگی میں بین الاقوامی بلیو اکانومی فورم جمعہ اور ہفتہ کو ہو گا جس میں آسیان رکن ممالک اور شراکت دار ممالک سمندری وسائل پر مبنی پائیدار ترقی کے بہترین تجربات کا تبادلہ کریں گے۔آسیان-آئی ڈی بلیو فورم کا انعقاد انڈونیشیا کی وزارتِ خارجہ، وزارتِ بحری امور و ماہی گیری اور نیوزی لینڈ کی وزارتِ خارجہ و تجارت کے اشتراک سے کیا جائے گا۔انڈونیشیا کی وزارتِ خارجہ کی عہدیدار ادھیانتی سردانارینی ویراجودا نےبتایا کہ بنیوانگی کا انتخاب سمندری تحفظ، ماہی گیری، سیاحت، چھوٹے کاروبار اور مقامی آبادی کو بااختیار بنانے کے کامیاب امتزاج کے باعث کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ضلع پائیدار ترقی کا ایک ایسا ماڈل پیش کرتا ہے جسے انڈونیشیا دیگر شریک ممالک کے ساتھ شیئر کرنا چاہتا ہے۔فورم میں آسیان کے رکن ممالک، ایسٹ ایشیا سمٹ کے شریک ممالک اور پیسیفک آئی لینڈز فورم کے ارکان کے نمائندوں کی شرکت متوقع ہے، جہاں بلیو اکانومی کے شعبے میں علاقائی تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔