انگلش لینگویج پروفیشنسی ٹریننگ پروگرام اساتذہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کی جانب اہم قدم ہے، راؤ عبد الکریم
انگلش لینگویج پروفیشنسی ٹریننگ پروگرام اساتذہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کی جانب اہم قدم ہے، راؤ عبد الکریم

مزید خبریں
فیصل آباد۔ 25 جون (اے پی پی):چیف ایگزیکٹو آفیسر (ایجوکیشن) ضلعی تعلیمی اتھارٹی فیصل آباد راؤ عبد الکریم نے فیصل آباد میں قائم انگلش لینگویج پروفیشنسی ٹریننگ مراکز کا دورہ کیاجہاں انہوں نے اساتذہ سے ملاقات کی اور جاری تربیتی پروگرام کا تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پرانہوں نے تمام منتخب اساتذہ کو ہدایت جاری کی کہ وہ انگلش لینگویج پروفیشنسی ٹریننگ میں باقاعدگی سے شرکت کو یقینی بنائیں، انگریزی زبان پر عبور حاصل کریں اور اپنی تدریسی مہارتوں کو جدید تقاضوں کے مطابق مزید بہتر بنائیں۔
ترجمان ضلعی تعلیمی اتھارٹی میاں اشفاق کے مطابق چیف ایگزیکٹو آفیسر نے گزشتہ شب تمام اساتذہ کرام کو اپنے ایک آڈیو پیغام میں کہا کہ یہ تربیت اساتذہ کی پیشہ ورانہ ترقی، جدید تدریسی تکنیکوں سے آگاہی اور طلبہ کے تعلیمی معیار میں بہتری کے لیے نہایت اہم ہے۔
انہوں نے بتایا کہ لاہور کے اساتذہ اس تربیت میں بڑے شوق و جذبے کے ساتھ حصہ لے رہے ہیں اور دیگر اضلاع میں بھی اس کی بھرپور پذیرائی دیکھنے میں آ رہی ہے۔انہوں نے اساتذہ کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ٹریننگ کے حوالے سے پھیلائی جانے والی یہ افواہیں کہ اس سے ملازمتوں کو کوئی خطرہ لاحق ہو سکتا ہے، مکمل طور پر بے بنیاد اور غلط ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام اساتذہ کی ملازمتوں کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہوں۔ اس تربیت سے نہ صرف آپ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا بلکہ کامیاب شرکاء کو باقاعدہ سرٹیفکیٹس بھی جاری کیے جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ اساتذہ کی سہولت اور درخواست پر تربیتی مراکز کو ضلعی سطح سے تحصیل سطح تک منتقل کروایا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ اساتذہ آسانی کے ساتھ تربیت میں شرکت کر سکیں۔
اس سلسلے میں انہوں نے وزیر تعلیم پنجاب اور سیکرٹری اسکول ایجوکیشن پنجاب کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔سی ای او ایجوکیشن نے کہا کہ یہ تربیتی پروگرام پنجاب کے 12 اضلاع میں جاری ہے اور ان میں سے بیشتر اضلاع کی حاضری فیصل آباد سے بہتر ہے لہٰذا فیصل آباد کے اساتذہ کو بھی اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔
انہوں نے تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز اور اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرز کو ہدایات جاری کیں کہ وہ تربیت کے لیے منتخب اساتذہ کی سو فیصد حاضری یقینی بنائیں تاکہ ضلع فیصل آباد اس اہم پروگرام میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کر سکے۔








