اوآئی سی کی طرف سے یوم سیاہ کے موقع پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی

جدہ ۔27اکتوبر (اے پی پی):اسلامی تعاون تنظیم نے جموں و کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کے حصول کی انکی منصفانہ جدوجہد میں ان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق او آئی سی جنرل سیکرٹریٹ نے آج جدہ میں یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر جاری ایک بیان میں بھارت پر زور دیا کہ وہ 5 اگست 2019 کو کیے گئے اپنے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کومنسوخ کر ے ۔

او آئی سی نے جموں و کشمیر کی بین الاقوامی طورپرتسلیم شدہ متنازعہ حیثیت کو تبدیل کرنے اور مقبوضہ علاقے کی آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کیلئے کئے گئے بھارتی اقدامات کی بھی منسوخی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے بھارت پر مزید زوردیا کہ وہ کشمیری عوام کے تمام بنیادی انسانی حقوق کا احترام کرے۔

اسلامی تعاون تنظیم نے عالمی برادری پر زوردیا کہ وہ دیرینہ تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنے کیلئے اپنی کوششیں تیز کرے۔