اوآئی سی کے سیکرٹری جنرل کے نمائندہ خصوصی یوسف ایم الدوبئے کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین صورتحال سے آگاہ کیا جائے گا، وزارت خارجہ

اسلام آباد ۔ 2 مارچ (اے پی پی) اسلامی تعاون تنظیم (اوآئی سی) کے سیکرٹری جنرل کے جموں وکشمیر کے لئے نمائندہ خصوصی یوسف ایم الدوبئے2 سے6 مارچ 2020ء تک پاکستان کا دورہ کررہے ہیں، دورے کے دوران ایک چھ رکنی وفد بھی ان کے ہمراہ ہے، دورے کے دوران وفد کو بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین صورتحال سے آگاہ کیا جائے گا۔وزارت خارجہ …

اسلام آباد ۔ 2 مارچ (اے پی پی) اسلامی تعاون تنظیم (اوآئی سی) کے سیکرٹری جنرل کے جموں وکشمیر کے لئے نمائندہ خصوصی یوسف ایم الدوبئے2 سے6 مارچ 2020ء تک پاکستان کا دورہ کررہے ہیں، دورے کے دوران ایک چھ رکنی وفد بھی ان کے ہمراہ ہے، دورے کے دوران وفد کو بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین صورتحال سے آگاہ کیا جائے گا۔وزارت خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق نمائندہ خصوصی اپنے وفد کے ہمراہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کا دورہ کریں گے تاکہ وہ بھارتی افواج کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ کا نشانہ بنانے کے نتیجے میں ہونے والے جانی ومالی نقصان کا بذات خود جائزہ لے سکیں۔اوآئی سی کے سیکرٹری جنرل کے خصوصی نمائندے کا دورہ 5 اگست 2019ء کو بھارتی غیرقانونی اور یک طرفہ اقدامات کے تناظر میں نہایت اہمیت کا حامل ہے ، یہ دورہ جموں وکشمیر کی متنازعہ حیثیت پر ٹھوس پیغام ہے جس کا اوآئی سی وزراء خارجہ کونسل کے اعلامیہ اور سربراہی اجلاس کی قراردادوں میں واضح اظہارموجود ہے۔ خودارادیت کے ناقابل تنسیخ حق کے حصول کی منصفانہ جدوجہد میں اوآئی سی نے کشمیری عوام کی ہمیشہ بھرپور حمایت کی ہے۔ 1994ء سے تنظیم نے جموں وکشمیر پر خصوصی رابطہ گروپ بھی تشکیل دے رکھا ہے۔ 5 اگست 2019ء سے اوآئی سی بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بگڑتی صورتحال پر فعال رہی ہے۔ اوآئی سی اور اس کی انسانی حقوق سے متعلق تنظیم ‘انڈیپنڈنٹ پرماننٹ ہیومن رائٹس کمیشن’ (آئی پی ایچ آرسی) نے بھارتی اقدامات کی مذمت میں متعدد بیانات جاری کئے اور تنازعہ کشمیر پر اپنے اصولی موقف کا اعادہ کیا ہے۔ 5 اگست 2019ء کے بعد سے جموں وکشمیر پر اوآئی سی رابطہ گروپ کے دو اجلاس ہوچکے ہیں۔ نیویارک میں اوآئی سی رابطہ گروپ کے وزارتی سطح کا اعلامیہ تنازعہ کشمیر پر تنظیم کی بھرپور وابستگی کا عکاس ہے۔ بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی نگرانی کے لئے قائم مستقل طریقہ کار کے تحت’ آئی پی ایچ آر سی’ نے نومبر2019 میں بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں خراب ہوتی صورتحال پر پہلی بار عام بحث کرائی۔ کشمیری اور پاکستان کے عوام عالمی سطح پر جموں وکشمیر کے مسئلہ کی بھرپور تائید وحمایت کرنے پر اوآئی سی کے کردار کی انتہائی قدر کرتے ہیں۔

مزید خبریں