اوپن یونیورسٹی کی چوتھی سالانہ عربی کانفرنس،ماہرین کا اندلسی ورثے کے احیاء پر زور

اسلام آباد۔26نومبر (اے پی پی):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں چوتھی سالانہ عربی کانفرنس اختتام پذیر ہوئی جس میں اردن، الجزائر، عُمان، عراق، مراکش اور مصر سمیت متعدد عرب ممالک سے نامور اساتذہ، محققین اور ادب کے شناور شریک ہوئے۔ اختتامی تقریب کے قومی و بین الاقوامی مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ اندلسی ادب عرب اور مغرب کے مابین تہذیبی و فنی ربط کی ایک لازوال علامت ہے …

اسلام آباد۔26نومبر (اے پی پی):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں چوتھی سالانہ عربی کانفرنس اختتام پذیر ہوئی جس میں اردن، الجزائر، عُمان، عراق، مراکش اور مصر سمیت متعدد عرب ممالک سے نامور اساتذہ، محققین اور ادب کے شناور شریک ہوئے۔ اختتامی تقریب کے قومی و بین الاقوامی مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ اندلسی ادب عرب اور مغرب کے مابین تہذیبی و فنی ربط کی ایک لازوال علامت ہے جس نے صدیوں تک لسانی، فکری اور ادبی دنیا کو گہرے اثرات سے مالا مال کیا۔

انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں منعقدہ چوتھی سالانہ دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس جس کا عنوان ”اندلسی ادب: عرب و مغرب کے مابین تہذیبی و فنی روابط اور اثرات” تھا،نے اس گرانقدر ورثے کو نئے زاویوں سے سمجھنے کا موقع فراہم کیا۔ عراق کے ادب فی اسلامیہ کالج آف ایجوکیشن یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر کدم ایچھ مہرتھ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

صدارت کلیہ عربی و علوم اسلامیہ کے ڈین، پروفیسر ڈاکٹر شاہ محی الدین ہاشمی نے کی۔ مقررین کا کہنا تھا کہ اندلسی ورثہ نہ صرف اسلامی تہذیب کی روشن مثال ہے بلکہ عالمی ادب میں فکری ہم آہنگی اور تہذیبی مکالمے کی بہترین مثال بھی فراہم کرتا ہے۔دو روزہ کانفرنس کے دوران مختلف علمی نشستوں میں 92 تحقیقی مقالہ جات پیش کیے گئے جن میں اندلسی ادب کے تاریخی پس منظر، اس کے فنی اسلوب، لسانی جہات اور عرب و مغرب کے مابین ثقافتی تعامل کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔

شرکاء نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اس نوعیت کی بین الاقوامی سرگرمیاں پاکستان اور عرب دنیا کے علمی و تحقیقی تعاون کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔شعبہ عربی کے چئیرمین، ڈاکٹر عبدالمجید بغدادی نے اپنے خطاب میں کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کی قیادت میں تحقیقی، تعلیمی و ثقافتی سرگرمیوں کا مرکز بن چکی ہے، سیمینارز، کانفرنسز و دیگر علمی و فکری تقریبات تسلسل کے ساتھ منعقد ہورہی ہیں، یہ کانفرنس بھی اس سلسلے کی کڑی تھی۔