نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے پنجاب بھر میں مالیاتی سائبر فراڈ میں ملوث اوڈ گینگ کے خلاف بڑے کریک ڈائون کے دوران لاہور، ملتان اور فیصل آباد سے مجموعی طور پر 27 ملزمان گرفتار کر لیے۔
اوڈ گینگ کیخلاف این سی سی آئی اے کا بڑا کریک ڈاون، 27 ملزمان گرفتار، کروڑوں کے مالیاتی سائبر فراڈ بے نقاب

مزید خبریں
لاہور۔31جولائی (اے پی پی):نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے پنجاب بھر میں مالیاتی سائبر فراڈ میں ملوث اوڈ گینگ کے خلاف بڑے کریک ڈائون کے دوران لاہور، ملتان اور فیصل آباد سے مجموعی طور پر 27 ملزمان گرفتار کر لیے۔
ملزمان خود کو بینک افسران، کسٹمز اور پولیس اہلکار، خیراتی اداروں کے نمائندے، ٹی سی ایس رائیڈر اور سرمایہ کاری کمپنیوں کے اہلکار ظاہر کرکے شہریوں سے او ٹی پی، بینکاری معلومات اور رقوم ہتھیاتے تھے۔ترجمان کے مطابق لاہور میں این سی سی آئی اے نے دو کارروائیوں کے دوران 13 ملزمان گرفتار کیے، جن میں محمد عرفان، محمد دانش، نبیل اختر، بدرالرحمن، محمد عدنان، ندیم عباس، اللہ رکھا، محمد عاطف اور محمد وسیم سمیت دیگر ملزمان شامل ہیں۔ ملزمان کے قبضے سے 13 موبائل فون، 25 جعلی فعال سمیں اور دیگر اہم ڈیجیٹل شواہد برآمد ہوئے۔ملتان میں چار مختلف کارروائیوں کے دوران 13 ملزمان گرفتار کیے گئے، جن میں محمد عاصم بلوچ، محمد عثمان، خالد بلوچ، عبدالغفار، محمد جبران اوڈ، محمد شان اوڈ، محمد وقاص اوڈ، محمد الیاس اوڈ، محمد اقبال اوڈ، محمد شفیق اوڈ، محمد یوسف اوڈ اور محمد نعیم اوڈ شامل ہیں۔
تحقیقات کے مطابق اوڈ گینگ جعلی سرمایہ کاری ویب سائٹس، فرضی واٹس ایپ اور سوشل میڈیا اکاونٹس کے ذریعے شہریوں کو دھوکہ دے کر لاکھوں روپے بٹورتا تھا۔فیصل آباد میں این سی سی آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے ناصر علی کو گرفتار کیا، جو اپنے ساتھیوں کے ساتھ شہریوں کے بینک اکاونٹس ہیک کرکے رقوم جعلی جاز کیش اور ایزی پیسہ اکاونٹس میں منتقل کرنے میں ملوث تھا۔ ملزم کے قبضے سے ایک اینڈرائیڈ موبائل فون، چھ کی پیڈ فونز اور 23 جعلی سمیں برآمد ہوئیں۔این سی سی آئی اے کا کہنا ہے کہ اوڈ گینگ سمیت مالیاتی سائبر فراڈ میں ملوث منظم نیٹ ورکس کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی، جبکہ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ او ٹی پی، بینکنگ معلومات اور ذاتی کوائف کسی بھی غیر متعلقہ شخص کے ساتھ ہرگز شیئر نہ کریں۔








