او آئی سی۔ کامسٹیک کے زیر اہتمام چھاچھرو، تھرپارکر میں مفت طبی کیمپ میں 5,700 سے زائد مریضوں کو طبی خدمات فراہم کیں

اسلام آباد۔1فروری (اے پی پی):اسلامی تعاون کی تنظیم کی قائمہ کمیٹی برائے سائنسی و تکنیکی تعاون (او آئی سی۔ کامسٹیک) اور یونیورسٹی آف ماڈرن سائنسز (یو ایم ایس) ٹنڈو محمد خان کے تعاون سے تھرپارکر کے علاقے چھاچھرو میں دو روزہ فری میڈیکل کیمپ اختتام پذیر ہو گیا جس میں مقامی آبادی کو صحت کے حوالہ سے جامع طبی امداد فراہم کی گئی۔میڈیکل کیمپ میں عوام کی بھرپور دلچسپی دیکھنے …

اسلام آباد۔1فروری (اے پی پی):اسلامی تعاون کی تنظیم کی قائمہ کمیٹی برائے سائنسی و تکنیکی تعاون (او آئی سی۔ کامسٹیک) اور یونیورسٹی آف ماڈرن سائنسز (یو ایم ایس) ٹنڈو محمد خان کے تعاون سے تھرپارکر کے علاقے چھاچھرو میں دو روزہ فری میڈیکل کیمپ اختتام پذیر ہو گیا جس میں مقامی آبادی کو صحت کے حوالہ سے جامع طبی امداد فراہم کی گئی۔میڈیکل کیمپ میں عوام کی بھرپور دلچسپی دیکھنے میں آئی اور پہلے دن 2,162 جبکہ دوسرے دن 3,550 مریضوں کا علاج معالجہ کیا گیا جبکہ کیمپ سے مستفید ہونے والوں کی کل تعداد 5,712 رہ ی جو کمیونٹی کے بڑھتے ہوئے اعتماد اور انسانیت دوست اقدام کی کامیابی کی عکاسی ہے۔

امراض چشم (آنکھ)، ای این ٹی، ڈرماٹالوجی (جلد)، کارڈیالوجی، معدے، گائنی، جنرل سرجری اور جنرل میڈیسن سمیت متعدد شعبوں کے ماہر ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے مفت طبی مشورے اور علاج فراہم کیا۔ مریضوں نے موقع پر تشخیصی سہولیات سے بھی فائدہ اٹھایا، بروقت تشخیص اور موثر دیکھ بھال کو یقینی بنایا۔ کیمپ کے دوران دو کامیاب ڈیلیوریاں بھی ہوئیں جس سے علاقے میں ماں اور بچے کی صحت کی دیکھ بھال کی خدمات کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔طبی خدمات کے ساتھ ساتھ منتظمین نے مریضوں اور ان کے ساتھ آنے والوں میں منرل واٹر، جوس، کپڑے، جوتے اور دیگر ضروری اشیاء بھی تقسیم کیں جس سے غریب خاندانوں کو اضافی ریلیف بھی ملا۔میڈیکل کیمپ کا انعقاد او آئی سی۔ کامسٹیک اور یونیورسٹی آف ماڈرن سائنسز نے گورمے فوڈز، ضلعی انتظامیہ تھرپارکر اور ضلعی محکمہ صحت حکومت سندھ کے اشتراک سے کیا تھا۔یہ اقدام کوآرڈینیٹر جنرل او آئی سی۔

کامسٹیک پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری کی بصیرت افروزقیادت میں شروع کیا گیا جنہوں نے سندھ کے سب سے زیادہ مستحق علاقوں میں سے ایک میں بنیادی صحت کی خدمات فراہم کرنے اور صحت سے متعلق آگاہی کو فروغ دینے کے لیے چھاچھرو، تھرپارکر کو ترجیحی علاقے کے طور پر منتخب کیا۔اختتامی سیشن کے دوران کامسٹیک کے عہدیداروں نے سپرنٹنڈنٹ سول ہسپتال، چھاچھرو-تھرپارکر کو اضافی دوائیں حوالے کیں تاکہ مقامی صحت کی دیکھ بھال کی سہولیات کو سپورٹ کیا جا سکے اور کیمپ کے بعد دیکھ بھال کے تسلسل کو یقینی بنایا جا سکے۔

مقامی کمیونٹی کے اراکین اور ضلعی حکام نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اسے دور دراز علاقوں میں صحت کی دیکھ بھال کے تفاوت کو کم کرنے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔دو روزہ میڈیکل کیمپ کی کامیاب تکمیل نے انسانی ہمدردی کی خدمت اور پسماندہ کمیونٹیز کے لیے صحت کی دیکھ بھال تک رسائی کو بہتر بنانے کے لئے کامسٹیک کے عزم کا اعادہ کیا۔