اسلام آباد۔30جنوری (اے پی پی):پاکستان میں اسلامی تعاون تنظیم کی قائمہ کمیٹی برائے سائنسی و تکنیکی تعاون (او آئی سی،کامسٹیک)نے یونیورسٹی آف ماڈرن سائنسز ٹنڈو محمد خان، گورمےفوڈز، ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت حکومتِ سندھ کے اشتراک سے سول ہسپتال چھاچھرو تھرپارکر میں دو روزہ مفت طبی کیمپ کا جمعے کے روز افتتاح کیا۔ کیمپ کا باقاعدہ افتتاح اسسٹنٹ کمشنر چھاچھرومحمد عثمان کھسکلانی، چیئرمین ٹاؤن کمیٹی چھاچھرو مرتضیٰ بجیر، تعلقہ …
او آئی سی-کامسٹیک اور یونیورسٹی آف ماڈرن سائنسز کاچھاچھرو میں دو روزہ مفت طبی کیمپ کا افتتاح، 1,400 مریضوں کا مفت علاج

مزید خبریں
اسلام آباد۔30جنوری (اے پی پی):پاکستان میں اسلامی تعاون تنظیم کی قائمہ کمیٹی برائے سائنسی و تکنیکی تعاون (او آئی سی،کامسٹیک)نے یونیورسٹی آف ماڈرن سائنسز ٹنڈو محمد خان، گورمےفوڈز، ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت حکومتِ سندھ کے اشتراک سے سول ہسپتال چھاچھرو تھرپارکر میں دو روزہ مفت طبی کیمپ کا جمعے کے روز افتتاح کیا۔ کیمپ کا باقاعدہ افتتاح اسسٹنٹ کمشنر چھاچھرومحمد عثمان کھسکلانی، چیئرمین ٹاؤن کمیٹی چھاچھرو مرتضیٰ بجیر، تعلقہ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر موہن دھنانی اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر لجپال نے کیا۔ اس موقع پر یونیورسٹی آف ماڈرن سائنسز کے چانسلر ڈاکٹر محمد اقبال میمن، او آئی سی کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل کے مشیر پروفیسر ڈاکٹر محمد ریاض خان اور او آئی سی کامسٹیک کے فوکل پرسن / کوآرڈینیٹر محمد مرتضیٰ نور ،ریسکیو 1122 کے سینئر حکام، میڈیا نمائندگان اور دیگر معزز مقامی شخصیات بھی موجود تھیں ۔
طبی کیمپ میں او آئی سی کامسٹیک اور انڈس میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل کے سینئر ڈاکٹروں، پیرا میڈیکل سٹاف اور سینئر حکام سمیت 40 سے زائد افراد پر مشتمل ٹیم نے خدمات انجام دیں تاکہ مریضوں کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔کیمپ کے پہلے روز 1,400 سے زائد مریضوں کا معائنہ اور علاج کیا گیا جبکہ مستحق مریضوں میں مفت ادویات بھی تقسیم کی گئیں۔ اس دوران دو بچوں کی کامیاب پیدائش بھی ہوئی جو اس بات کی عکاس ہے کہ کیمپ میں ماں اور بچے کی بنیادی صحت کی سہولیات بھی مؤثر طور پر دستیاب تھیں۔یہ دو روزہ طبی کیمپ تھرپارکر کے پسماندہ اور دور دراز علاقوں کے عوام کو مفت طبی مشاورت، بنیادی تشخیصی ٹیسٹ اور مفت ادویات فراہم کرنے کے لیے منعقد کیا گیا ہے۔
کیمپ میں آنکھوں کے علاج پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے جہاں ماہرین چشم کی جانب سے بینائی کے ٹیسٹ اور آنکھوں کے معائنے کیے جا رہے ہیں جبکہ مستحق مریضوں کو مفت نظر کے چشمے بھی فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ علاقے میں عام بصری مسائل کا تدارک کیا جا سکے۔ توقع ہے کہ اس طبی کیمپ سے بڑی تعداد میں مریض، بالخصوص خواتین، بچے اور بزرگ افراد مستفید ہوں گے۔یہ اقدام او آئی سی-کامسٹیک اور اس کے شراکت دار اداروں کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ وہ رکن ممالک کے پسماندہ اور دور افتادہ علاقوں میں بنیادی صحت کی سہولیات کی فراہمی اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر خدمات کے فروغ کے لیے مسلسل کوشاں ہیں۔








