اپوزیشن اداروں پرنکتہ چینی کرکے دشمن کاایجنڈاپورانہ کرے ،وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمودقریشی

ملتان۔10اکتوبر (اے پی پی):وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمودقریشی نے کہاہے کہ اگراپوزیشن نے استعفے دیئے توحکومت ضمنی الیکشن کرادے گی تاہم پی ڈی ایم میں شامل کچھ جماعتیں استعفوں کے حق میں نہیں ۔وزیرخارجہ نے کہاکہ اپوزیشن نے احتساب کاعمل روکنے کے لیے اتحاد قائم کیاہے تاہم احتساب جاری رہے گا،اپوزیشن کااتحاد غیرفطری ہے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے ہفتے کے روزپراناشجاع آبادروڈ پرتاجروں کی تقریب حلف برداری سے خطاب اوربعدازاں …

ملتان۔10اکتوبر (اے پی پی):وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمودقریشی نے کہاہے کہ اگراپوزیشن نے استعفے دیئے توحکومت ضمنی الیکشن کرادے گی تاہم پی ڈی ایم میں شامل کچھ جماعتیں استعفوں کے حق میں نہیں ۔وزیرخارجہ نے کہاکہ اپوزیشن نے احتساب کاعمل روکنے کے لیے اتحاد قائم کیاہے تاہم احتساب جاری رہے گا،اپوزیشن کااتحاد غیرفطری ہے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے ہفتے کے روزپراناشجاع آبادروڈ پرتاجروں کی تقریب حلف برداری سے خطاب اوربعدازاں میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمودقریشی نے کہاکہ پی ڈی ایم جلسے جلوس شوق سے کرے یہ ان کاسیاسی حق ہے لیکن اپوزیشن کو کوروناکی بڑھتی ہوئی لہرکے پیش نظراپنے فیصلے پرنظرثانی کرنی چاہیے اوراپنے مقاصد کے لیے بڑے بڑے اجتماعات کرکے لوگوں کی زندگیوں کوخطرے میں نہیں ڈالناچاہیے ۔انہوں نے کہاکہ ملکی معیشت اب بحالی کی جانب جارہی ہے اوراپوزیشن کو اس کی راہ میں رکاوٹیں نہیں کھڑی کرنی چاہیے ۔سیاسی بے یقینی معیشت کونقصان پہنچاسکتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ سب جانتے ہیں کہ کمزورمعیشت کی ذمہ دار سابق حکومت ہے ۔پی ٹی آئی کی حکومت کو معیشت کوصحیح سمت پرڈالنے کے لیے کچھ مشکل فیصلے کرنے پڑے ۔انہوں نے کہاکہ ملکی اداروں کے بارے میں بیان بازی اورنکتہ چینی بند ہونی چاہیے ،اپوزیشن کی نکتہ چینی سے دشمن کوفائدہ پہنچے گا،اداروں پرتنقید کرکے اپوزیشن کودشمن کاایجنڈاپورانہیں کرناچاہیے ۔ہمارادشمن ملک میں امن اوراستحکام نہیں چاہتا۔انہوں نے کہاکہ عوام کواپوزیشن کی اس غیرضروری تنقیدکانوٹس لیناچاہیے ۔شاہ محمودقریشی نے مزیدکہاکہ میں تنقید کرنے والوں سے پوچھتاہوں کہ دہشت گردی کاخاتمہ کس نے کیا،ٹڈی دل کامقابلہ کس نے کیااورکوروناوائرس کے دوران کس نے غیرمعمولی اقدامات کیے،کراچی میں سیلاب سے نمٹنے میں کس نے سول حکومت کی مددکی ۔انہوں نے کہاکہ اس سارے عمل میں مسلح افواج کی خدمات کونظراندازنہیں کیاجاسکتا۔انہوں نے کہاکہ اپوزیشن گلگت بلتستان الیکشن پر پربلاوجہ شورشرابہ کررہی ہے اس تنقید کی بجائے اسے حکومت کے ساتھ انتخابی اصلاحات پربات کرنی چاہیے ۔وزیرخارجہ نے کہاکہ بعض طاقتیں گلگت بلتستان میں بدامنی پیداکرناچاہتی ہیں کیونکہ یہ پاک چین اقتصادی راہداری کاحصہ ہے ۔ایف اے ٹی ایف کے حوالے سے ایک سوال کاجواب دیتے ہوئے وزیرخارجہ نے کہاکہ ہم نے ایف اے ٹی ایف کی 27سفارشات میں سے 21پرعملدرآمدکردیاہے۔انہوںنے کہاکہ باقی 6سفارشات پر80فیصدکام مکمل ہوچکاہے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان پیرس میںہونے والے ایف اے ٹی ایف کے ورچوئل اجلاس میں حصہ لے گااورہمیں امید ہے کہ ہماراملک جلد گرے لسٹ سے وائٹ لسٹ میں آجائے گا۔انہوںنے کہاکہ امریکہ اوربعض دیگرممالک اس اجلاس میں پاکستان کاساتھ دیں گے ۔