اپوزیشن جماعتوں کے قائدین پر اوپن اینڈ شٹ کیسز ہیں،وزیراعظم عمران خان کسی صورت میں ریلیف نہیں دیں گے،وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین

اسلام آباد۔9دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ نواز شریف، مریم نواز اور مولانا فضل الرحمان نظام سے باہر ہیں اسلئے وہ ملک میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتے ہیں، پیپلزپارٹی استعفوں کے معاملے پر ان کے ساتھ اتفاق نہیں کرتی اور ن لیگ کے بھی اکثریتی لوگ استعفے دینے کیلئے تیار نہیں ہیں، پیپلزپارٹی نے 1985ءمیں سندھ حکومت چھوڑی تھی …

اسلام آباد۔9دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ نواز شریف، مریم نواز اور مولانا فضل الرحمان نظام سے باہر ہیں اسلئے وہ ملک میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتے ہیں، پیپلزپارٹی استعفوں کے معاملے پر ان کے ساتھ اتفاق نہیں کرتی اور ن لیگ کے بھی اکثریتی لوگ استعفے دینے کیلئے تیار نہیں ہیں، پیپلزپارٹی نے 1985ءمیں سندھ حکومت چھوڑی تھی تو اسے لگ پتا گیا تھا اسلئے میرا نہیں خیال وہ دوبارہ سندھ حکومت کی قربانی دینے کیلئے تیار ہو گی، اگر اپوزیشن استعفے دے گی تو حکومت ضمنی انتخابات کرائے گی۔ بدھ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت اپوزیشن جماعتوں کے قائدین جتنے بدعنوان اور بدنام ہیں پاکستان کی تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی، اور یہ خود کو عوامی لیڈر سمجھتے ہیں۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ اپوزیشن کے جلسے بڑے نہیں ہیں لیکن اس وقت ملک میں سیاسی ہنگامہ خیزی پیدا کرنا بدقسمتی ہے، اگر اپوزیشن کے جلسے روکنے کی کوشش کریں گے تو کہا جائے گا کہ حکومت ان کا جمہوری حق ختم کر رہی ہے اور اگر جلسے نہیں روکیں گے تو کورونا پھیلے گا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں نے جہاں جہاں جلسے کئے ہیں وہاں پر کورونا کیسز میں پانچ فیصد اضافہ ہوا ہے، ہسپتالوں میں گنجائش ختم ہو رہی ہے اور لوگوں کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے پوری دنیا کے حالات خراب ہیں، دوسرے ممالک کے مقابلے میں پاکستان کے معاشی حالات بہت بہتر ہیں لیکن دبائو ضرور ہے اسلئے اپوزیشن کو سیاسی سرگرمیاں معطل کر دینی چاہییں۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات واحد راستہ ہے جس کے ذریعے مسائل حل کئے جا سکتے ہیں اسلئے میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات پر اتفاق کرتا ہوں، اپوزیشن کا بنیادی مسئلہ آٹھ کیسز ہیں جس کی وجہ سے سارا ڈرامہ رچایا جا رہا ہے، نواز شریف، شہباز شریف، آصف علی زرداری اور مریم نواز کے خلاف اوپن اینڈ شٹ کیسز ہیں، ان کے خلاف دستاویزی اور بینک ٹرانزیکشنز کے ثبوت ہیں، تحریک انصاف اینٹی کرپشن جماعت ہے، احتساب کے معاملے پر سمجھوتہ نہیں کر سکتے اور وزیراعظم عمران خان کسی صورت میں انہیں ریلیف نہیں دیں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت انتخابی اصلاحات کا بل لائی ہے، اپوزیشن جماعتیں اس پر بات کریں، مارچ میں سینیٹ انتخابات ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ اوپن ووٹنگ ہو تاکہ دھاندلی نہ ہو سکے، مذاکرات وہاں سے شروع ہونے چاہییں جہاں اختلاف کم ہو۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن منافقت کی سیاست کر رہی ہے، نواز شریف لندن میں وڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہیں جبکہ پی ڈی ایم کے باقی رہنما سٹیج پر ہوتے ہیں جبکہ میدان میں عوام کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہوتے ہیں جس کی وجہ سے ان کی جانوں کو زیادہ خطرہ ہے، اپوزیشن اگر عوام کی خیرخواہ ہے تو اسے جلسے بند کر دینے چاہییں۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ سابقہ حکومتیں ملک میں حالیہ مہنگائی کی ذمہ دار ہیں، انہیں مہنگائی کے بارے بات کرتے ہوئے شرمندگی محسوس کرنی چاہیے، موجودہ حکومت مہنگائی پر قابو پانے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے۔