اپوزیشن رہنما بیرون ملک بھاگنے کیلئے جلسے کر رہے ہیں ،وزیراعظم کسی صورت میں این آر او نہیں دیں گے،وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا

اسلام آباد۔24نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں این آر او لیکر بیرون ملک بھاگنے کیلئے جلسے کر رہی ہیں، یہ لوگ اپنے قائدین کی کرپشن چھپانے اور اقتدار کے حصول کیلئے عوام کی زندگیوں کو خطرے میں دھکیل رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان کسی صورت میں بدعنوان عناصر کو کوئی ریلیف نہیں دیں گے، اپوزیشن نے پہلے دسمبر کو وقت …

اسلام آباد۔24نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں این آر او لیکر بیرون ملک بھاگنے کیلئے جلسے کر رہی ہیں، یہ لوگ اپنے قائدین کی کرپشن چھپانے اور اقتدار کے حصول کیلئے عوام کی زندگیوں کو خطرے میں دھکیل رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان کسی صورت میں بدعنوان عناصر کو کوئی ریلیف نہیں دیں گے، اپوزیشن نے پہلے دسمبر کو وقت دیا تھا، اب جنوری کا دے دیا ہے، حکومت کہیں نہیں جا رہی، اپوزیشن جماعتیں 2023ءانتخابات تک انتظار کریں۔ منگل کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) میں شامل 11 سیاسی جماعتوں کا مستقبل سیاسی لاوارثوں کا ہے، عوام نے انہیں مسترد کر دیا ہے اور وہ ملک دشمن بیانیے کو کبھی سپورٹ نہیں کریں گے، اپوزیشن ذاتی مفادات کو تحفظ دینے کیلئے قومی اداروں کے خلاف گندی زبان استعمال کر کے حکومت پر دبائو ڈالنا چاہتی ہے لیکن وزیراعظم عمران خان ان کی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے۔ فیصل واوڈا نے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے تباہ حال معیشت چھوڑی تھی اور ملک دیوالیہ ہونے کے قریب تھا لیکن وزیراعظم عمران خان نے جامع پالیسیاں اختیار کر کے ملک کو دلدل سے نکالا ہے، حکومت کی کامیابیاں دیکھ کر اپوزیشن بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئی ہے اور اب یہ لوگ اقتدار کیلئے مارے مارے پھر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اقتدار میں آنے کے بعد اداروں کو آزاد کیا ہے اور ان کے کاموں میں مداخلت نہیں کرتی، نیب آزادانہ طور پر بدعنوان عناصر کے خلاف تحقیقات کر رہا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ کیسز جلد منطقی انجام تک پہنچیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ماضی میں جو کیا سب جانتے ہیں، انہوں نے عوام کا پیسہ لوٹ کر بیرون ممالک جائیدادیں اور اثاثے بنائے اور اب وہ جھوٹ بول کر بیرون ملک بھاگے ہوئے ہیں، مریم نواز پر بدعنوانی کے کیسز ہیں، ان کا خیال تھا کہ وہ بھی باہر چلی جائیں گی لیکن جب انہیں معلوم ہوا کہ انہیں ریلیف نہیں ملنا والا تو انہوں نے قومی اداروں پر پتھرائو شروع کر دیا، حکومت کسی قیمت پر مریم نواز کو بیرون ملک جانے کی اجازت نہیں دے گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بلاول بھٹو گلگت بلتستان انتخابی مہم کے دوران گھن گرج رہے تھے، حکومت اپوزیشن کو سنجیدہ نہیں لے رہی، ہم لطف اندوز ہو رہے ہیں، اپوزیشن کو اگر عوام کی فکر ہے تو وہ حکومت کے ساتھ مل کر مہنگائی کم کرنے میں کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو عوام کی مشکلات کا احساس ہے اسلئے انہوں نے پہلے بھی اسمارٹ لاک ڈائون حکمت عملی اپنائی تھی اور اب بھی اسمارٹ لاک ڈائون کی بات کر رہے ہیں، اگر حالات زیادہ خراب ہوئے تو حکومت مجبوراً مکمل لاک ڈائون کے آپشن پر غور کرے گی۔