اسلام آباد۔9دسمبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں سے حکومت کی کامیابیاں ہضم نہیں ہو رہیں، پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جس کی معیشت کورونا کے باوجود بہتری کی جانب گامزن ہے، اپوزیشن جماعتوں کو عوام کا کوئی احساس نہیں ہے، یہ لوگ حکومت مخالف تحریک کی آڑ میں اپنی سیاست بچانے اور اپنے بدعنوان قائدین کی لوٹی ہوئی …
اپوزیشن نہ صرف کرپٹ ہے بلکہ سنگدل بھی ہے، یہ لوگ اپنی سیاست بچانے اور ذاتی مفادات کے تحفظ کیلئے لوگوں کی جانوں کو دائو پر لگا رہے ہیں،وزیر مملکت پارلیمانی امور علی محمد خان

مزید خبریں
اسلام آباد۔9دسمبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں سے حکومت کی کامیابیاں ہضم نہیں ہو رہیں، پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جس کی معیشت کورونا کے باوجود بہتری کی جانب گامزن ہے، اپوزیشن جماعتوں کو عوام کا کوئی احساس نہیں ہے، یہ لوگ حکومت مخالف تحریک کی آڑ میں اپنی سیاست بچانے اور اپنے بدعنوان قائدین کی لوٹی ہوئی غیرقانونی دولت کا تحفظ کرنے کیلئے لوگوں کی جانوں کو دائو پر لگا رہے ہیں۔ بدھ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں جلسہ کرنا غیرقانونی ہے اور اس حوالے سے عدالتی احکامات بھی موجود ہیں، حکومت اپوزیشن کو لاہور میں جلسہ کرنے سے روکے گی نہیں لیکن قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج ہوں گے۔ علی محمد خان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا اپوزیشن کے جلسوں کے حوالے سے فیصلہ مناسب ہے، غیرضروری پکڑ دھکڑ نہیں ہونی چاہیے تاکہ انہیں بہانہ نہ مل سکے کہ انہیں سیاست نہیں کرنے دی جا رہی، یہ لوگ خود عوام کے سامنے بے نقاب ہوتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نہ صرف کرپٹ ہے بلکہ سنگدل بھی ہے، ان لوگوں کو عوام کا کوئی احساس نہیں ہے، یہ چاہتے ہیں کہ ان کی سیاست چمکتی رہی اور جلسے ہوتے رہیں، آج کی اپوزیشن صحیح معنوں میں ثابت کر رہی ہے کہ سیاست کے سینے میں واقعی دل نہیں ہے، اگر کسی کو کورونا ہو جائے اور کسی کی موت واقعہ ہو جائے اس سے انہیں کوئی غرض نہیں ہے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ جلسے اور حکومت پر تنقید کرنا اپوزیشن کا جمہوری حق ہے، اس وقت ملک کورونا کی وجہ سے مشکل صورتحال کا شکار ہے اور لوگوں کی زندگیاں دائو پر لگی ہوئی ہیں، کیا سیاست لوگوں کی زندگیوں سے زیادہ اہم ہے، اپوزیشن کے جلسوں سے حکومت کو کوئی فرق نہیں پڑتا لیکن لوگوں کی زندگیوں کا مسئلہ ہے، اپوزیشن اگر عوام کی خیرخواہ ہے تو وہ جلسے معطل کر دے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی جامع پالیسیوں کی بدولت ملکی اور غیرملکی سرمایہ کاروں پر پاکستان پر اعتماد بڑھ رہا ہے، 151 فیصد غیرملکی سرمایہ کاری بڑھی ہے، سیمنٹ سمیت دیگر صنعتیں فروغ پا رہی ہیں، فیصل آباد میں 50 ہزار پاور لومز کو پوری طرح سے چالو کیا گیا ہے جس کی وجہ سے معاشی اشاریے بہتر ہو رہے ہیں۔ علی محمد خان نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کی سیاست ختم ہو گئی ہے، یہ لوگ جانتے ہیں کہ اگر تحریک انصاف حکومت اپنی مدت پوری کر گئی تو میکرو انڈیکیٹرز مائیکرو میں بدل جائیں گے، عوام کو ریلیف ملے گا اور ان کی رہی سہی سیاست ہمیشہ کیلئے دفن ہو جائے گی، اپوزیشن جماعتیں ذاتی مفادات کے تحفظ، اپنے بدعنوان قائدین کی لوٹی ہوئی غیرقانونی دولت اور اپنی سیاست بچانے کیلئے سیاسی تناﺅ بڑھانے کی کوشش کر رہی ہیں لیکن حکومت احتساب کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔








