اپوزیشن نے وزیراعظم عمران خان سے عزت کرانی ہے تو ان کی عزت کریں،وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی

اسلام آباد۔20اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے اپنے دور حکومتوں کے دوران جس طرح پولیس کو ذاتی مفادات کیلئے استعمال کیا اسی طرح یہ فوج کو بھی استعمال کرنا چاہتے ہیں، پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا سارا بیانیہ اسی میں چھپا ہوا ہے، یہ لوگ پولیس کے معیار کو بہتر کرنے کے بجائے فوج …

اسلام آباد۔20اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے اپنے دور حکومتوں کے دوران جس طرح پولیس کو ذاتی مفادات کیلئے استعمال کیا اسی طرح یہ فوج کو بھی استعمال کرنا چاہتے ہیں، پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا سارا بیانیہ اسی میں چھپا ہوا ہے، یہ لوگ پولیس کے معیار کو بہتر کرنے کے بجائے فوج کو گھسیٹ کر نیچے لانا چاہتے ہیں، اپوزیشن جماعتوں کو بادشاہ بننے کی بنیادی خواہش لے ڈوبی ہے، اپوزیشن نے وزیراعظم عمران خان سے عزت کرانی ہے تو ان کی عزت کریں۔ منگل کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کیپٹن (ر)صفدر نے مزار قائد پر جو تماشا لگایا اور ہلڑبازی کی اس پر عوامی ردعمل سامنے آیا اور واقعہ کی مذمت کی، وفاقی حکومت کا کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری کے معاملے سے کوئی لینا دینا نہیں ہے اور نہ ہی کوئی کردار ہے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ اس واقعہ نے سندھ حکومت کی بدترین گورننس ظاہر کر دی ہے، لگتا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ کی آپس میں بات چیت نہیں ہے یا ان کے آپس میں تعلقات کمزور ہیں، بلاول الگ بات کرتے ہیں اور مراد علی شاہ کچھ اور کہتے ہیں، دونوں آپس میں طے کر لیں کہ کیا بات کرنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پوری پولیس فورس استعفوں کی طرف جائے گی تو یہ اچھی بات نہیں ہو گی، امید ہے کہ سندھ حکومت اور پولیس آپس میں مل بیٹھ کر معاملہ حل کر لیں گے، اگر سندھ حکومت کو معاونت درکار ہوئی تو وزیراعظم عمران خان کردار ادا کریں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کراچی واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیا ہے جبکہ وزیراعلیٰ سندھ نے بھی کمیٹی بنا دی ہے، تحقیقات کے بعد حقائق سامنے آ جائیں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کیسز کے علاوہ قومی مفادات کے معاملات پر اپوزیشن کو ساتھ لیکر چلنے کیلئے تیار ہے، وزیراعظم عمران خان نے بھی اپوزیشن سے کہا ہے کہ وہ کیسز کے علاوہ ہر معاملے پر ان کے ساتھ بات کر سکتے ہیں، اپوزیشن آئے الیکشن میں اصلاحات کے بل پر بات کرے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا مسئلہ یہ ہے کہ یہ کیسز کے علاوہ بات کرنے کیلئے تیار نہیں، نواز شریف، آصف علی زرداری اور شہباز شریف کے خلاف بینک ٹرانزیکشنز کے شوائد موجود ہیں، عوام نے بدعنوان عناصر کے خلاف احتساب کیلئے پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کو ووٹ دیا ہے، عوام کو یقین ہے کہ وزیراعظم عمران خان بدعنوان ٹولے سے لوٹی ہوئی غیرقانونی دولت بازیاب کرا لیں گے اسلئے حکومت احتساب کے عمل پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کو نیب پر تنقید کرنے کا حق نہیں ہے، چیئرمین سے لیکر چپڑاسی تک ان کا لگایا ہوا ہے، انہوں نے اپنے ادوار میں ایک دوسرے کے خلاف کیسز بنائے اور نیب انہی کے بنائے ہوئے قانون کے تحت تحقیقات کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے ملکی معیشت کو تباہ کیا اور یہی حالیہ منہگائی کی ذمہ دار ہیں، موجودہ حکومت مہنگائی میں کمی کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔