اپوزیشن نے ہر موقع پر غیر تعمیری کردار ادا کیا، اپوزیشن کچھ بھی کر لے انہیں این آر او کسی صورت نہیں ملے گا، سینیٹر فیصل جاوید

اسلام آباد۔25نومبر (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے ہر موقع پر غیر تعمیری کردار ادا کیا، کورونا وباءآئی تو اپوزیشن نے حکومت کو بلیک میل کرنے کی کوشش کی، آج اپوزیشن نے عام آدمی کی زندگی کوخطرے میں ڈال دیا ہے۔ بدھ کو نجی ٹی وی چینل کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے لوگوں کی …

اسلام آباد۔25نومبر (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے ہر موقع پر غیر تعمیری کردار ادا کیا، کورونا وباءآئی تو اپوزیشن نے حکومت کو بلیک میل کرنے کی کوشش کی، آج اپوزیشن نے عام آدمی کی زندگی کوخطرے میں ڈال دیا ہے۔ بدھ کو نجی ٹی وی چینل کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے لوگوں کی زندگیوں پر حملہ کیا ہے، لوگوں کو بسوں میں بھر کر جلسہ گاہ لایا جاتا ہے اور کورونا کے حوالے سے احتیاط نہیں ہوتی، کشمیر کاز پر اپوزیشن نے مولانا فضل الرحمان کو آگے کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کو وزیراعظم عمران خان کی کامیابی کا خوف ہے، اپوزیشن کچھ بھی کر لے انہیں این آر او کسی صورت نہیں ملے گا۔ سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ کورونا وباءکی پہلی لہر کے دوران پاکستان نے سمارٹ لاک ڈائون کی پالیسی اختیار کی، آج دنیا پاکستان کی کورونا پالیسی کی تعریف کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے اپنے ملک میں مکمل لاک ڈائون کیا، وہاں غربت، افلاس اور بھوک بہت زیادہ بڑھ گئی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے ساتھ انتخابی اصلاحات، کورونا صورتحال اور دیگر کوئی بھی عوامی ایشو پر بات چیت کے لئے تیار ہیں لیکن ان کے ذاتی کرپشن کیسز کے حوالے سے بات چیت نہیں ہوگی اور نہ ہی کوئی این آر او نہیں دیا جائے گا۔ شہباز شریف کی پرول پر رہائی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ قانون سب کے لئے برابر ہے، اس معاملے میں تمام قانونی تقاضے پورے کئے جائیں گے۔