اپوزیشن کا مقصد معیشت کو سبوتاژ کرنا اور نیب کیسز کے حوالے سے دبائو ڈالنا ہے، وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی

اسلام آباد۔8اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ اپوزیشن کا مقصد معیشت کو سبوتاژ کرنا اور نیب کیسز کے حوالے سے دبائو ڈالنا ہے، ہم تمام سیاسی جماعتوں سے بات چیت کے لئے تیار ہیں۔ جمعرات کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ وزیراعظم نے بھی اپنے قومی اسمبلی سے خطاب میں کہا تھا کہ احتساب اور این آر …

اسلام آباد۔8اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ اپوزیشن کا مقصد معیشت کو سبوتاژ کرنا اور نیب کیسز کے حوالے سے دبائو ڈالنا ہے، ہم تمام سیاسی جماعتوں سے بات چیت کے لئے تیار ہیں۔ جمعرات کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ وزیراعظم نے بھی اپنے قومی اسمبلی سے خطاب میں کہا تھا کہ احتساب اور این آر او کا مطالبہ نہ کریں اس کے علاوہ آپ کے جو بھی مسائل ہیں ان پر بات کرنے کو تیار ہیں ‘ اپنا فوکس صرف کیسوں پر نہ رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)میں پھوٹ پڑ چکی ہے۔ ان کے دس ایم پی ایز ابھی سے آ چکے ہیں۔ مسلم لیگ ن کےبیانیہ میں مزید پھوٹ پڑے گی۔ آصف زرداری نے فوری استعفوں کی بات نہیں کی ہے۔ استعفوں پر بات آئی تو بہت سے لوگ استعفے نہیں دیں گے۔ مسلم لیگ ن کی اپنی اندرونی لڑائی چل رہی ہے۔مسلم لیگ ن کے بیانیہ پر ارکان پارلیمنٹ کو راضی کرنا بہت مشکل ہے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ معاشی کارکردگی کے حوالے سے وزیراعظم خود ہر کابینہ میٹنگ میں دو گھنٹے لگاتے ہیں۔ جمعرات کا دن معیشت کے لئے مخصوص کردیا ہے۔ ان کی ہر کابینہ میٹنگ میں بات یہاں سے شروع ہوتی ہے کہ قیمتوں کو کیسے نیچے لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں مشکل حالات میں معیشت ملی اور اس کے بعد کورونا وائرس بھی آگیا۔ معاشی مشکلات سے نکلنا بہت ضروری ہے۔ پی ٹی آئی کے ناقدین بھی یہی سمجھتے ہیں کہ ملک کو عمران خان ہی مشکلات سے نکالیں گے۔ لوگوں کی مہنگائی کو ختم کرنے کی امیدیں عمران خان سے وابستہ ہیں۔ پولیٹیکل لیڈر شپ تو اپنا وژن دیتی ہے باقی ان کی معاشی ٹیم اس پر کام کر رہی ہے۔ اگر ان کی کارکردگی میں مزید بہتری کی ضرورت ہے تو اس پر بات کی جاسکتی ہے۔