اڑان پاکستان اقدامات کے تحت ایک لاکھ 60 ہزار نوجوانوں کی تربیت، ایک لاکھ 14 ہزار 300 سکول سے باہر بچوں کا داخلہ

اڑان پاکستان اقدامات کے تحت ایک لاکھ 60 ہزار نوجوانوں کی تربیت، ایک لاکھ 14 ہزار 300 سکول سے باہر بچوں کا داخلہ

اسلام آباد۔8ستمبر (اے پی پی):اڑان پاکستان سے منسلک اقدامات کے تحت مختلف پروگراموں میں تقریباً ایک لاکھ 60 ہزار نوجوانوں کو تربیت دی گئی ہے جبکہ تعلیم اور ہنرمندی کے مواقع تک رسائی بڑھانے کی کوششوں کے تحت تقریباً ایک لاکھ 14 ہزار 300 سکول سے باہر بچوں کو تعلیمی اداروں میں داخل کیا گیا ہے۔ویلتھ پاکستان کو دستیاب دستاویزات کے مطابق وزیراعظم یوتھ سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے ذریعے مختلف پروگراموں کے تحت تقریباً ایک لاکھ 60 ہزار نوجوانوں کو تربیت دی گئی ہے۔ یہ پروگرام فنی اور پیشہ وارانہ تعلیم و تربیت کے فروغ کی ترجیح سے ہم آہنگ ہے۔تعلیم تک مساوی رسائی بڑھانے میں بھی پیشرفت ہوئی ہے۔

اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری میں سکول سے باہر بچوں کے داخلے، تعلیمی سلسلے کو برقرار رکھنے اور اگلی جماعتوں میں منتقلی کے اقدام کے تحت تقریباً 1 لاکھ 14 ہزار 300 اسکول سے باہر بچوں کو داخل کیا گیا ہے۔ان اقدامات میں اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری اور آزاد جموں و کشمیر، بلوچستان، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور سندھ کے پسماندہ اضلاع میں دانش سکولوں کا قیام بھی شامل ہے۔دستاویز کے مطابق اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری میں دانش سکول کا تعلیمی سیشن شروع ہو چکا ہے جہاں 180 لڑکوں اور 180 لڑکیوں کو داخلہ دیا گیا ہے۔اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری کے تعلیمی اداروں میں بنیادی یا غیر موجود تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے تحت 152 اداروں کی تزئین و آرائش کی جا رہی ہے جبکہ موجودہ سکولوں میں 411 نئے کلاس رومز کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔اس کے علاوہ وفاقی نظامت تعلیمات کے تحت اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری میں دو نئے کالج بھی شامل کئے جا رہے ہیں۔

ابتدائی بچپن کی تعلیم کو بھی وسعت دی گئی ہے جس کے تحت موجودہ تعلیمی اداروں میں 100 ارلی چائلڈ ہڈ ایجوکیشن (ای سی ای) مراکز قائم کئے گئے ہیں اور ان مراکز میں تقریباً 5,500 بچوں کا داخلہ کیا گیا ہے۔تدریس کے معیار کو بہتر بنانے کی کوششیں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ایکسی لینس اِن ٹیچرز ایجوکیشن کے ذریعے آگے بڑھائی جا رہی ہیں۔ ایک کنٹینیوس پروفیشنل ڈویلپمنٹ (سی پی ڈی) مرکز قائم کیا گیا ہے جس میں 55 کوچز، 12 آر ایمز اور ایک پروگرام منیجر کے ساتھ معاون عملہ بھی شامل ہے۔اس اقدام کے تحت 95 فیصد پرائمری اور سیکنڈری سکول اساتذہ کو ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر رجسٹر بھی کیا گیا ہے۔ اے کے یو سے تصدیق شدہ تین سطحی انڈکشن اور دوران ملازمت سرٹیفکیشن پروگرام تیار کیا گیا ہے جبکہ ایک ٹریننگ ڈویلپمنٹ سٹوڈیو بھی قائم کیا گیا ہے۔

تعلیم کی فراہمی میں ٹیکنالوجی کو رومی ایپ کے ذریعے شامل کیا جا رہا ہے جسے دستاویز میں اساتذہ کی ضروریات اور کلاس کے حجم کے مطابق تیار کردہ ایک جامع جدید حل قرار دیا گیا ہے۔ یہ چھ زبانوں میں کلاس روم کی حقیقی وقت میں نگرانی اور فیڈ بیک فراہم کرتی ہے۔ایک ڈیجیٹل ہب-کنیکٹڈ کلاس روم یوٹیوب چینل بھی قائم کیا گیا ہے۔ دانش اسکولوں کے اقدام کے تحت جدید ترین گوگل لیبز، کمپیوٹر لیبز اور سائنس لیبز قائم کی جائیں گی۔دستاویز میں مزید بتایا گیا ہے کہ آٹزم کے شکار بچوں کے لیے جدید ترین سینٹر آف ایکسی لینس اسلام آباد کے ایچ-8/4 میں قائم کیا جا رہا ہے۔

 

مزید خبریں