گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقے میں توانائی کی ضروریات پوری کرنے اور مقامی معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے 34.5 میگاواٹ ہارپو ہائیڈرو پاور منصوبہ اہم پیش رفت ہے، جسے 34 ارب 302.690 ملین روپے کی مجموعی لاگت سے منظور کیا گیا ہے
اڑان پاکستان کے تحت ہارپو پن بجلی منصوبہ، گلگت بلتستان کی توانائی اور معاشی ترقی کے لیے اہم پیش رفت

مزید خبریں
اسلام آباد۔29ستمبر (اے پی پی):گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقے میں توانائی کی ضروریات پوری کرنے اور مقامی معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے 34.5 میگاواٹ ہارپو ہائیڈرو پاور منصوبہ اہم پیش رفت ہے، جسے 34 ارب 302.690 ملین روپے کی مجموعی لاگت سے منظور کیا گیا ہے۔ سکردو کے قریب تعمیر ہونے والا یہ منصوبہ مقامی آبی وسائل سے صاف اور قابلِ اعتماد بجلی پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ تعلیم، صحت، کاروبار اور سیاحت کے شعبوں کی ترقی میں معاون ثابت ہوگا۔ منصوبے کا مقصد مقامی آبی وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے ماحول دوست اور صاف توانائی پیدا کرنا ہے۔پلاننگ کے مطابق ہارپو پن بجلی منصوبے کی اہمیت صرف اضافی بجلی کی پیداوار تک محدود نہیں بلکہ قابلِ اعتماد توانائی کی فراہمی سے بجلی کی بندش میں کمی، بنیادی عوامی خدمات کے تسلسل، مقامی کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔گلگت بلتستان جیسے جغرافیائی اعتبار سے دشوار گزار خطے میں توانائی کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری مقامی معیشت کو مضبوط بنانے اور خطے کی سیاحتی و معاشی صلاحیت کو بروئے کار لانے میں بھی معاون ثابت ہو سکتی ہے۔اڑان پاکستان کے ’’سستی اور مؤثر توانائی‘‘ کے ستون سے ہم آہنگ ہارپو ہائیڈرو پاور منصوبہ مضبوط، پائیدار اور مؤثر بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور ملک کے ہر خطے تک ترقی کے ثمرات پہنچانے کی قومی ترجیح کی عکاسی کرتا ہے۔








